فیصل آباد (سٹاف رپورٹر )ستارہ کیمیکل انڈسٹریز لمیٹڈ نے بعض میڈیا رپورٹس کے حوالے سے وضاحت جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایف آئی اے کی جانب سے درج کی گئی ایف آئی آر میں کمپنی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر کا نام شامل کیے جانے سے متعلق خبریں زیرگردش ہیں۔ کمپنی کے مطابق ایف آئی آر میں درج الزامات بنیادی طور پر ایک دوسری کمپنی کے معاملات اور کاروباری سرگرمیوں سے متعلق ہیں۔ جو ستارہ کیمیکل انڈسٹریز لمیٹڈ کی ایسوسی ایٹ کمپنی نہیں ہے۔ اس کے برعکس کئے جانے والے دعوے حقائق کے منافی ہیں۔ کمپنی نے مزید واضح کیا ہے کہ ایف آئی آر میں صرف الزامات درج کیے گئے ہیں جبکہ اب تک کسی عدالت یا مجاز ادارے کی جانب سے کوئی حتمی فیصلہ یا تعین سامنے نہیں آیا۔ ستارہ کیمیکل انڈسٹریز لمیٹڈ اور اس کے چیف ایگزیکٹو آفیسر نے ان الزامات کی دوٹوک تردید کی ہے اور اپنے قانونی حقوق اور مفادات کے تحفظ کے لیے تمام مناسب قانونی اقدامات کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ کمپنی کی پیداواری سرگرمیاں اور تمام کاروباری امور معمول کے مطابق بلاتعطل جاری ہیں اور اس معاملے کا روزمرہ کاروباری سرگرمیوں پر کوئی مادی منفی اثر نہیں پڑا۔




