ستھرا پنجاب پروگرام کے تحت ڈیپ کلیننگ مہم جاری،تاندلیانوالہ میں گرینڈ صفائی آپریشن کا آغاز

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن ستھرا پنجاب پروگرام کے تحت ”ڈیپ کلیننگ” مہم جاری ہے اس سلسلہ میں ضلع فیصل آباد کی تحصیل تاندلیانوالہ میں گرینڈ صفائی آپریشن کا آغاز کر دیا گیا ہے۔گزشتہ روز منیجنگ ڈائریکٹر ستھرا پنجاب اتھارٹی عابد حسین بھٹی نے صفائی آپریشن کی نگرانی کیلئے تحصیل تاندلیانوالہ کا تفصیلی دورہ کیا۔ اسسٹنٹ کمشنر تاندلیانوالہ اقصی امتیاز اور ڈسٹرکٹ منیجر عطا المحسن بھی انکے ہمراہ تھے۔ایم ڈی ستھرا پنجاب اتھارٹی نے بازاروں اور گلیوں کے وزٹ کے دوران دوکانداروں و شہریوں سے صفائی کے معیار بارے دریافت کیا۔ انہوں نے صفائی سے متعلق عوامی شکایات کا سختی سے نوٹس لیتے ہوئے کنٹریکٹر فرم کے پرجیکٹ ڈائریکٹر کی موقع پر سرزنش بھی کی۔ اس موقع پر انکا کہنا تھا کہ ڈیپ کلیننگ مہم کے تحت دیہی و شہری علاقوں کو زیرو ویسٹ بنانا اولین ترجیح ہے۔ شہریوں کی شکایات کو مقدم رکھتے ہوئے انکے بروقت ازالہ کو یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے کوڑا کرکٹ سے بھرے پلاٹوں کا اپ ڈیٹڈ سروے مکمل کر کے کنٹریکٹر کو صفائی یقینی بنانیکے احکامات جاری کئے۔ عابد حسین بھٹی نے مزید تاکید کی کہ ڈیپ کلیننگ مہم کے دوران گلی محلوں، بازاروں اور اہم شاہراہوں کی مکمل صفائی کو یقینی بنایا جائے تاکہ ستھرا پنجاب پروگرام کے اہداف حاصل کیے جا سکیں۔منیجنگ ڈائریکٹر نے مانیٹرنگ افسران کو ہدایات جاری کیں کہ صفائی کے عمل میں کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی اور تمام سرگرمیوں کی ڈیجیٹل مانیٹرنگ کو یقینی بنایا جائے تاکہ شفافیت اور کارکردگی میں مزید بہتری لائی جا سکے۔بعد ازاں انہوں نے ویسٹ ڈمپنگ سائیٹ کا بھی دورہ کیا اور ویسٹ انکلوثرز کے اطراف پودے لگانے کی ہدایات جاری کیں۔ انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ کچرا کھلے عام پھینکنے سے اجتناب کریں۔ ستھرا پنجاب کی ہیلپ لائن 1139 یا واٹس ایپ نمبر 03000191139 پر شکایات درج کرائیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں