سدھار سبزی منڈی میں مبینہ بھتہ خوری کیخلاف بڑے پیمانے پر احتجاج

ٹھیکریوالہ (نامہ نگار) سدھار سبزی منڈی میں مبینہ بھتہ خوری کے خلاف چائے فروشوں، ہوٹل مالکان اور دیگر افراد کا احتجاج، منڈی کے تمام گیٹ بند کر دیے گئے، منڈی میں خوف و ہراس پھیل گیا۔تفصیلات کے مطابق سدھار سبزی منڈی میں مبینہ طور پر بھتہ وصول کرنے والے افراد کے کارندوں نے ایک چائے فروش سے بھتہ طلب کیا، انکار پر مبینہ طور پر اسے پسٹل کے بٹ مار کر زخمی کر دیا گیا۔ جس سے منڈی میں خوف و ہراس پھیل گیا اور چائے فروشوں، ہوٹل مالکان، مزدوروں سمیت دیگر افراد نے احتجاج کرتے ہوئے منڈی کے تمام گیٹ بند کر دیے، جس کے باعث منڈی میں آنے جانے والے افراد کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔اطلاع ملنے پر صدر سبزی منڈی میاں عمر سعید عرف لاڈا اور ایس ایچ او تھانہ ائیرپورٹ منصور صادق فوری طور پر موقع پر پہنچے اور مظاہرین سے مذاکرات کیے۔ پولیس کی جانب سے مبینہ بھتہ خوروں کے خلاف قانونی کارروائی کی یقین دہانی کروائی گئی، جس کے بعد احتجاج ختم کر کے منڈی کے تمام گیٹ کھول دیے گئے۔اس موقع پر مزدوروں اور تاجروں نے موقف اختیار کیا کہ مسلم لیگ ن کے ایم پی اے میاں طاہر جمیل کی جانب سے بھی یقین دہانی کروائی گئی تھی کہ سدھار سبزی منڈی میں کسی شخص کو بھتہ وصول کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی، اس کے باوجود مبینہ بھتہ خور سرعام منڈی میں گھوم رہے ہیں اور تاجروں و مزدوروں سے بھتہ طلب کرنے کی شکایات سامنے آ رہی ہیں۔مظاہرین نے ضلعی انتظامیہ اور پولیس کے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا کہ سدھار سبزی منڈی میں مبینہ بھتہ خوری کا فوری نوٹس لیتے ہوئے ذمہ دار عناصر کے خلاف بلاامتیاز قانونی کارروائی کی جائے اور تاجروں، مزدوروں و دکانداروں کو تحفظ فراہم کیا جائے تاکہ وہ بلاخوف اپنا کاروبار جاری رکھ سکیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں