سرگودہا (بیورو چیف) وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے صاف اور معیاری پانی کی فراہمی کے ویژن کے تحت پنجاب صاف پانی اتھارٹی نے سرگودہا ڈویژن کے عوام کے لیے ایک بڑے منصوبے کا آغاز کر دیا ہے۔ منصوبے کے پہلے مرحلے میں خوشاب، بھکر اور میانوالی کے تین اضلاع میں مجموعی طور پر 586 جدید واٹر فلٹریشن پلانٹس نصب کیے جائیں گے۔ یہ بات آج کمشنر سرگودہا ڈویژن جہانزیب اعوان کی زیرِ صدارت ہونیوالے ایک اعلیٰ سطحی اجلاس میں بتائی گئی، جس میں پنجاب صاف پانی اتھارٹی کے سی ای او نوید احمد نے ویڈیو لنک کے ذریعے منصوبے کی تفصیلات پیش کیں۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ ضلع خوشاب میں 211 پلانٹس نصب کیے جائیں گے، جن میں 81 آر او پلانٹس اور 130 ایم ایف پلانٹس شامل ہیں۔ آر او پلانٹس میں سے 40 تحصیل خوشاب، 14 نوشہرہ، 17 قائدآباد اور 10 نورپور تھل میں لگائے جائیں گے، جبکہ ایم ایف پلانٹس میں سے 73 تحصیل خوشاب، 26 نوشہرہ اور 31 قائدآباد میں نصب کیے جائیں گے۔ مزید برآں خوشاب میں بوتل پلانٹس لگانے کی تجویز بھی زیرِ غور ہے تاکہ شہریوں کو پیک شدہ معیاری پانی کی فراہمی ممکن بنائی جا سکے۔ اسی طرح ضلع میانوالی میں 164 پلانٹس لگائے جائیں گے جن میں 39 آر او پلانٹس، 8 یو ایف پلانٹس اور 117 ایم ایف پلانٹس شامل ہیں۔ میانوالی تحصیل میں 25، پپلاں میں 4 اور عیسیٰ خیل میں 10 آر او پلانٹس لگیں گے، جبکہ ایم ایف پلانٹس میں سے 61 تحصیل میانوالی اور 56 پپلاں میں نصب کیے جائیں گے۔ ضلع بھکر کے لیے بھی 211 پلانٹس کا منصوبہ تیار کیا گیا ہے، جن میں 36 آر او پلانٹس، 20 یو ایف پلانٹس اور 155 ایم ایف پلانٹس شامل ہوں گے۔ آر او پلانٹس کلورکوٹ میں ایک، دریاخان میں 10، منکیرہ میں 14 اور بھکر شہر میں 11 لگائے جائیں گے۔




