سرگودھا ڈویژن کے صفائی ورکرز کو 10ہزار انعام دیا جائیگا،کمشنر

سرگودہا (بیوروچیف)کمشنر سرگودہا ڈویژن جہانزیب اعوان کی زیر صدارت عیدالاضحی صفائی انتظامات کے حوالے سے ایک اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا، جس میں چاروں اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز، اسسٹنٹ کمشنرز، سی ای او ایس ڈبلیو ایم سی، ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ اور میونسپل اداروں کے سربراہان نے شرکت کی۔ اجلاس میں عید کے موقع پر صفائی کے غیر معمولی اقدامات اور ورک فورس کی حوصلہ افزائی کے لیے اہم فیصلے کیے گئے۔ اجلاس کو آگاہ کیا گیا کہ ایس ڈبلیو ایم سی سرگودہا ڈویژن کے دس ہزار صفائی ورکرز کو عید کے تینوں دنوں میں شاندار خدمات پر وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی طرف سے فی کس 10 ہزار روپے انعام دیا جائے گا۔ یہ انعامات تحصیل سطح پر منعقدہ پروقار تقریبات میں تقسیم کیے جائیں گے جن میں مقامی ارکانِ اسمبلی اور انتظامی افسران شرکت کریں گے۔ کمشنر جہانزیب اعوان نے صفائی کے میدان میں متحرک اداروں بالخصوص ایس ڈبلیو ایم سی اور میونسپل ٹیموں کو زبردست خراج تحسین پیش کیا ۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں