سرگودھا کی 8اہم سڑکوں کی تعمیر و بحالی کی منظوری

سرگودھا(بیورو چیف) وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے اون سورس ریونیو کے تحت ضلع سرگودھا میں8 اہم سڑکوں کی تعمیر، بحالی اور بہتر ی کے منصوبوں کی منظوری دیدی ہے۔ ان منصوبو ں پر مجموعی طور پر تقریباً ایک ارب روپے سے زائد لاگت آئے گی۔ منصوبوں کی تکمیل سے شہری و دیہی علاقوں میں آمدورفت کی سہولیات بہتر ہونے کے ساتھ ٹریفک کے مسائل میں بھی کمی متوقع ہے۔ ڈپٹی کمشنر حسین احمد رضا چودھری نے منصوبوں کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ ضلع میں اہم شاہراہوں اور لنک روڈز کی حالت بہتر بنانے کے لیے اون سورس ریونیو کو موثر انداز میں بروئے کار لایا جا رہا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ انٹر سٹی لنک روڈز اور اربن روڈز کے تحت ڈیری روڈ، آزاد روڈ، نیو اردو بازار روڈ، غلہ مارکیٹ روڈ، پائلٹ سکول روڈ اور آرا مارکیٹ روڈ کی تعمیر و بحالی شامل ہے۔ ان سڑکوں کی مجموعی لمبائی تقریباً 2.60 کلومیٹر ہے، جبکہ منصوبے پر 17 کروڑ 57 لاکھ 90 ہزار روپے لاگت کا تخمینہ ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ خیال چوک اوورہیڈ برج کی بحالی کا منصوبہ بھی منظور کیا گیا ہے۔ تقریباً 0.80 کلومیٹر طویل اس منصوبے پر 8 کروڑ 89 لاکھ 81 ہزار روپے لاگت آئے گی۔ اسی طرح جوہر کالونی روڈ سے فاطمہ جناح روڈ، بذریعہ گل والا پھاٹک، ہری پورہ برج تک سڑک کی بحالی کے منصوبے کی بھی منظوری دی گئی ہے۔ تقریباً 3.30 کلومیٹر طویل اس سڑک کی بحالی پر 22 کروڑ 86 لاکھ 74 ہزار روپے لاگت کا تخمینہ لگایا گیا ہے۔ڈپٹی کمشنر کہا بتانا تھا کہ شمع چوک سے سٹیڈیم گیٹ، لنک چیمہ ہاٹ سینٹر تک سڑک کی بحالی بھی منصوبے میں شامل ہے۔ تقریباً ایک کلومیٹر طویل اس سڑک پر 16 کروڑ 46 لاکھ 45 ہزار روپے خرچ ہوں گے۔اسی طرح مین بازار بھاگٹانوالہ روڈ، لاہور روڈ سے بھیروال تا کوٹمومن لنک روڈ کی بحالی کا منصوبہ بھی منظور کیا گیا ہے۔ تقریباً 1.20 کلومیٹر طویل اس دیہی سڑک کی بحالی پر 12 کروڑ 77 لاکھ 15 ہزار روپے لاگت آئے گی۔انہوں نے بتایا کہ شاہپور میں جیل روڈ تا شاہپور صدر سڑک کی بحالی و بہتری کا منصوبہ بھی شامل ہے۔ تقریباً 1.30 کلومیٹر طویل اس منصوبے پر 9 کروڑ 88 لاکھ 88 ہزار روپے لاگت کا تخمینہ لگایا گیا ہے۔ڈپٹی کمشنر نے مزید بتایا کہ فاروقہ روڈ سے سیال دھولکا تک سڑک کی بحالی کے منصوبے کی بھی منظوری دی گئی ہے۔ تقریباً 2.10 کلومیٹر طویل اس سڑک کی بحالی پر 5 کروڑ 66 لاکھ 84 ہزار روپے خرچ ہوں گے۔ اسی طرح سیال موڑ روڈ کے انٹرچینجز پر بیوٹی فکیشن کا منصوبہ بھی منظور کیا گیا ہے۔ تقریباً 2.10 کلومیٹر کے اس منصوبے کے لیے 6 کروڑ روپے مختص کیے گئے ہیں۔ ڈپٹی کمشنر حسین احمد رضا چودھری نے کہا کہ اون سورس ریونیو کے تحت جاری منصوبوں کا مقصد ضلع کے اہم روڈ انفراسٹرکچر کو بہتر بنانا اور شہریوں کو محفوظ، آرام دہ اور بلا تعطل سفری سہولیات فراہم کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سڑکوں کی بحالی اور خوبصورتی کے منصوبوں سے نہ صرف ٹریفک کی روانی بہتر ہوگی بلکہ شہر اور دیہی علاقوں کے درمیان رابطہ بھی مزید مؤثر ہوگا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں