سرگودھا کے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر سوشل سروسز کا تحصیل شاہ پور کا دورہ

سرگودھا (بیورو چیف) ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر سوشل سروسز ارشد احمد وٹو نے تحصیل شاہپور کا دورہ کیا اور چار مثالی گاؤں عاقل شاہ، گنگھوال، کنڈا ن اور موضع کروڑے والا میں جاری ترقیاتی کاموں کا موقع پر معائینہ کیا۔ اس موقع پر اسسٹنٹ ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ چوہدری اجمل منیر بھی ان کے ہمراہ تھے۔ انہوں نے کاموں کی سست رفتاری پر ٹھیکیداروں اور متعلقہ افسران کی سرزنش کرتے ہوئے ہدایت کی کہ تمام منصوبے طے معاہدے کے مطابق مکمل کیے جائیں تاکہ عوام کو ترقیاتی منصوبوں کے ثمرات بروقت میسر آ سکیں۔ انہوں نے کوڑے والا میں جاری ترقیاتی کاموں کا جائزہ لیا، جہاں تقریباً 80 فیصد کام مکمل ہو چکا ہے، جبکہ دیگر تین گاؤں میں کاموں کی رفتار سست پائی گئی۔ انہوں نے پی سی سی سلیب کے اطراف مناسب مٹی ڈالنے کی ہدایت کی تاکہ تعمیراتی کام کی مضبوطی برقرار رہے۔ انہوں نے واٹر سپلائی اور پائپ لائنوں کے کام میں فنڈز کے اجرا کے باوجود تاخیر پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ باقی ماندہ کام بلا تاخیر مکمل کیا جائے۔اے ڈی سی سوشل سروسز ارشد احمد وٹو نے گورنمنٹ گرلز ہائی سکول شاہپور صدرکا بھی دورہ کیا اور وہاں زیرِ تعمیر دو کلاس رومز کے کام کا معائینہ کیا۔ اس موقع پر سکول کی پرنسپل میڈیم سمیہ راجہ نے بتایا کہ ادارے میں ایک ہزار 80 طالبات زیرِ تعلیم ہیں۔ انہوں نے اساتذہ کی چار آسامیوں پر کمی کو دور کرنے اور مزید کلاس رومز کی تعمیر و مرمت کے حوالے سے بھی آگاہ کیا۔ اے ڈی سی سوشل سروسز نے متعلقہ حکام کو مسائل کے حل اور ضروری اقدامات کے لیے ہدایات جاری کیں تاکہ طالبات کو بہتر تعلیمی ماحول فراہم کیا جا سکے۔بعد ازاں اے ڈی سی سوشل سروسز محمد ارشد وٹو نے موضع کوڑے والا میں ستھرا پنجاب پروگرام کے تحت جاری صفائی ستھرائی کی سرگرمیوں کا جائزہ لیا۔ صفائی کی ناقص صورتحال پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے انہوں نے متعلقہ عملے کو ہدایت کی کہ گاؤں میں صفائی کے نظام کو فوری بہتر بنایا جائے، کوڑا کرکٹ بروقت اٹھایا جائے اور گلیوں و عوامی مقامات کی صفائی یقینی بنائی جائے۔ انہوں نے واضح کیا کہ صفائی کے معاملات میں غفلت برداشت نہیں کی جائے گی اور عوام کو صاف ستھرا ماحول فراہم کرنے کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں