سرگودھا ( بیورو چیف) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے تحت سٹی روڈ اور کچہری بازار کی بیوٹیفکیشن کا کام تیزی سے مکمل ہونے کے مراحل میں داخل ہو چکا ہے۔دونوں اہم تجارتی مراکز میں ترقیاتی سرگرمیاں برق رفتاری سے جاری ہیں اور منصوبے کو مقررہ مدت میں مکمل کرنے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔ڈپٹی کمشنر سرگودھا حسین احمد رضا چوہدری نے جاری بیوٹیفکیشن کاموں کا تفصیلی جائزہ لیا۔ اس موقع پر اے ڈی سی ہیڈکوا رٹر محمد ارشد وٹو ،ہائی وے اور فیسکو کے افسران بھی ان کے ہمراہ تھے۔ فیسکو حکام نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ سٹی روڈ پر بجلی کی تنصیبات کو زیرِ زمین منتقل کرنے کا کام تیزی سے جاری ہے اور ٹرانسفارمرز اور تاروں کو ہٹا کر جدید زیرِ زمین نظام نصب کیا جا رہا ہے، جو بڑی حد تک مکمل ہو چکا ہے اور اسے طے شدہ شیڈول کے مطابق مکمل کر لیا جائے گا۔ اسی طرح کچہری بازار میں بھی بیوٹیفکیشن کے کام تیزی سے جاری ہیں۔ دونوں بازاروں میں دکانوں کے سامنے خوبصورت فرنٹس (فَساڈ) تیار کیے جا رہے ہیں، جبکہ منصوبے کے تحت ان بازاروں کو مرحلہ وار پیڈیسٹرین زون میں تبدیل کیا جائے گا۔ دکانوں کے سامنے یکساں ڈیزائن کے جدید بورڈز بھی نصب کیے جائیں گے تاکہ بازاروں کی مجموعی خوبصورتی میں نمایاں اضافہ ہو۔ڈپٹی کمشنر نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے مطابق سرگودھا شہر کو جدید اور خوبصورت شہری مرکز میں تبدیل کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ تمام کام اعلیٰ معیار کے مطابق اور بروقت مکمل کیے جائیں تاکہ شہریوں کو بہترین سہولیات میسر آ سکیں۔اس موقع پر تاجروں نے ڈپٹی کمشنر سے ملاقات کی اور وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اس منصوبے پر اطمینان اور خوشی کا اظہار کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ سٹی روڈ اور کچہری بازار کی بیوٹیفکیشن سے نہ صرف علاقے کی خوبصورتی میں اضافہ ہوگا بلکہ کاروباری سرگرمیوں کو بھی فروغ ملے گا، دور دراز سے لوگ خریداری کے لیے آئیں گے اور مقامی معیشت مستحکم ہوگی۔انہوں نے اس اقدام کو حکومت پنجاب کا احسن قدم قرار دیتے ہوئے امید ظاہر کی کہ اس طرح کے ترقیاتی منصوبے مستقبل میں بھی جاری رہیں گے۔




