سعودیہ پر حوثیوں کے حملے کی خبر پر دل رنجیدہ ہے

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) ممتاز مذہبی اسکالر چیئرمین مجلس علما ومشائخ پاکستان’ ممبر اسلامی نظریاتی کونسل پاکستان صاحبزادہ حافظ محمد امجد نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہو ئے کہا کہ امن و سلامتی کے سب سے بڑے علمبردار سرور کائنات صلی اللہ علیہ و سلم کے شہر پر حوثیوں کے حملے کی خبر سے دل رنجیدہ اور زخمی ہے،مدینہ پر حملہ ایک شہر پر نہیں بلکہ عالم اسلام کے دلوں اور عقیدے پر حملہ ہے۔مسلم حکمرانوں اور امت مسلمہ کو مصلحتیں بالائے طاق رکھتے ہوئے یکجاں ہوکر حملہ آوروں کا مقابلہ کرنا ہوگا،آج اگر حرمین شریفین کے لئے متحد نہیں ہوں گے تو پھر کب ہوں گے،حرمین شریفین ہماری وحدت کی علامت ہیں،جس کی حرمت کے لئے اپنی جان و مال اور اولاد کی قربانی کو باعث فخر سمجھتے ہیں،یہی چیزیں مجلس علما ومشائخ کے اغراض و مقاصد کا حصہ ہیں۔مملکت سعودیہ کے عوام،خادم الحرمین شاہ سلمان اور ولی عہد محمد بن سلمان کو یقین دلاتے ہیں کہ یہ حملہ صرف آپ کے شہر اور ملک پر نہیں،امت مسلمہ پر حملہ ہے،امت مسلمہ اور بالخصوص پاکستان کے عوام حرمین شریفین کے تحفظ و حرمت کے لئے مملکت سعودیہ اور عوام کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں