نیویارک (مانیٹرنگ ڈیسک) اقوام متحدہ جنرل اسمبلی کی تیسری کمیٹی میں بھارتی نمائندے کے بیان پرپاکستان نے حقِ جواب دیتے ہوئے کہا کہ جموں و کشمیر نہ کبھی بھارت کا اٹوٹ انگ تھا، نہ ہے اور نہ ہوگا۔اقوام متحدہ میں پاکستان کے فرسٹ سیکرٹری سرفراز احمد نے کہا کہ جموں وکشمیر بھارت کا داخلی معاملہ نہیں، عالمی سطح پر تسلیم شدہ تنازع ہے، کشمیریوں کے حقِ خودارادیت کی ضمانت سلامتی کونسل کی قراردادوں میں موجود ہے۔انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر نہ کبھی بھارت کا اٹوٹ انگ تھا، نہ ہے اور نہ ہوگا، بھارت قراردادوں پر عملدرآمد سے انکار کر کے بین الاقوامی ذمہ داریوں کی خلاف ورزی کررہا ہے، بھارت میں مذہبی اقلیتوں کیخلاف امتیازی سلوک اور تشدد منظم شکل اختیار کرچکا ہے۔فرسٹ سیکرٹری کے مطابق بھارت پاکستان کے خلاف دہشتگردگروہوں کی معاونت اور مالی سرپرستی کررہا ہے، پاکستان مذاکرات، سفارت کاری اور تنازعات کے پرامن حل کے لیے پرعزم ہے۔




