فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) مرکزی جمعیت اہلحدیث کے رہنما خالد محمود اعظم آبادی نے کہا ہے کہ سعودی عرب کی دنیا بھر میں اسلام و اشاعت اسلام اور مظلوم افراد کی داد رسی کے لیے دی جانے والی خدمات ناقابل فراموش ہیں ۔ حرمین الشر یفین کی نسبت سے سعودی عرب کو دنیا بھر میں منفرد و ممتاز مقام حاصل ہے ۔ مکہ و مدینہ ہمارے دلوں کا سکون و قرار ہے ۔ ان سے پیار و محبت ایک مومن کی میرات ہے ۔ سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نہ صرف سعودی عوام بلکہ امت مسلمہ کا درد رکھنے والے دور اندیش قائد اور حالات پر گہری نظر رکھنے والے صاحب عزیمت لیڈر ہیں جنہوں نے حالیہ اسرائیل ، امریکہ اور ایران جنگ میں مثبت و تعمیری کردار ادا کر کے دنیا کو بہت بڑی تباہی سے بچانے کے ساتھ ساتھ عالم اسلام کا سر فخر سے بلند کر دیا ہے ۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان بارے نازیبا و ناپسندیدہ الفاظ کی ہم بھرپور مذمت کرتے ہیں ۔ ان کا کہنا تھا کہ اسرائیل و امریکہ ایران کے ساتھ جنگ میں شکست کو دیکھ کر بوکھلا چکے ہیں اور اپنی چال جو کہ انہوں نے مسلمانوں کو آپس میں لڑا کر کمزور کرنے اور سعودی عرب و پاکستان کو تقسیم کرنے کی چلی تھی اس میں ناکامی دیکھ کر پاگل ہو چکے ہیں ۔ یہی وجہ ہے کہ وہ مسلمانوں کے روحانی مرکز اور خادمین حرمین شریفین کے بارہ میں ہرزہ سرائی کر کے دنیا بھر کے مسلمانوں کے دل دکھانے کا سبب بن رہے ہیں ۔ مرکزی جمعیت اہلحدیث پاکستان ٹرمپ کے حالیہ بیان کی بھرپور مذمت کرتی ہے ۔ خالد محمود اعظم آبادی کا کہنا تھا کہ شاہ سلمان بن محمد نے دنیا بھر میں توحید و سنت اور قرآن و صاحب قرآن کے پیغام کو عام کرنے کا عزم کر رکھا ہے ۔ جب بھی پاکستان بلکہ کسی بھی ملک پر کوئی مشکل وقت آیا ہے تو سعودی عرب نے سب سے پہلے اور سب سے بڑھ کر مدد کی ہے ۔




