سعودی اتحادی فورسز کے حملے،حوثیوں کے136ٹھکانے تباہ

صعدہ (مانیٹرنگ ڈیسک) یمن میں سعودی قیادت میں اتحادی فورسز نے حوثیوں کی فوجی صلاحیتوں کو کمزور کرنے کے لیے بڑے پیمانے پر فوجی آپریشن شروع کرنے کا اعلان کیا ہے۔ اتحادی فورسز کے ترجمان کے مطابق حوثیوں کے زیرِکنٹرول علاقوں میں اب تک136فوجی اہداف کو تباہ کیا جاچکا ہے۔ اتحادی فورسز کے ترجمان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری متعدد پیغامات میں بتایا کہ آپریشن کا بنیادی مقصد حوثیوں کی عسکری طاقت کو محدود کرنا ہے، بالخصوص ان کے بیلسٹک میزائل نیٹ ورک کو نشانہ بنایا جارہا ہے۔ترجمان کے مطابق حوثیوں کے میزائل نظام کو تباہ کرنے کے لیے کارروائیاں جاری ہیں، جبکہ یمنی مسلح افواج کو چوبیس گھنٹے فضائی معاونت بھی فراہم کی جارہی ہے تاکہ فوجی کارروائیوں کے اہداف حاصل کیے جاسکیں۔سعودی قیادت میں اتحادی فورسز کا کہنا ہے کہ یمن میں حوثیوں کے متعدد ٹھکانوں پر فضائی حملے کیے گئے ہیں۔ ترجمان نے ان کارروائیوں کو وسیع فوجی آپریشن کا حصہ قرار دیا ہے۔دوسری جانب حوثی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ سعودی قیادت میں اتحادی فورسز کے فضائی حملوں میں یمن کے شمال مغربی صوبے صعدہ کے مختلف علاقوں کو نشانہ بنایا گیا۔یمن میں جاری ان کارروائیوں کے دوران اتحادی فورسز کی جانب سے حوثیوں کی فوجی تنصیبات اور میزائل نیٹ ورک کو نشانہ بنانے پر توجہ مرکوز کیے جانے کی اطلاعات ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں