سعید اجمل کرکٹ اکیڈمی سے بہترین کھلاڑی نکلیں گے

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) سعید اجمل انٹرنیشنل کرکٹ اکیڈمی کرکٹ لورز کیلئے کسی نعمت سے کم نہیں’ قومی ٹیسٹ پلیئر سعید اجمل کی سربراہی میں چلنے والی یہ اکیڈمی کا معیار بہترین اور ہیڈ کوچ محمد اشرف کھلاڑیوں کو بہترین ٹریننگ دے رہے ہیں’ ان خیالات کا اظہار سعید اجمل اکیڈمی جھنگ روڈ میں کھیلے گئے سائیکاٹی 20 کرکٹ ٹورنامنٹ کے کوارٹر فائنل مقابلے موقع پر مہمان خصوصی حاجی سلیم پاشا نے کیا’ اس موقع پر بانی اکیڈمی سعید اجمل’ حاجی محمد اسلم’ وسیم افضل کے علاوہ قومی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑی آصف علی بھی موجود تھے’ حاجی سلیم پاشا نے کہا کہ ہمارا ہرممکن تعاون سعید اجمل کرکٹ اکیڈمی کے بانی سعید اجمل کے ساتھ ہے’ مجھے یقین ہے کہ اس اکیڈمی میں سے ایسے کھلاڑی نکلیں گے جو فیصل آباد سمیت پاکستان کے نام پوری دنیا میں بلند کریں گے’ انہوں نے بانی اکیڈمی سعید اجمل کو بھی اس قدر انٹرنیشنل معیار کی کرکٹ اکیڈمی بنانے پر خراج تحسین پیش کیا اور اپنے بھرپور تعاون کا یقین دلایا’ انہوں نے کہا کہ نوجوان نسل کو موبائل اور دیگر خرافات سے دور کرنے اور صحت مند سرگرمیوں کی طرف راغب کرنا یقینا احسن اقدام ہے’ اس موقع پر بانی اکیڈمی قومی ٹیسٹ پلیئر سعید اجمل نے فیصل آباد کے لوگوں سے کہا کہ اپنے بچوں کو ہماری اکیڈمی بھیجیں تاکہ وہ ایک اچھا انسان بننے کے ساتھ ساتھ اچھے کرکٹر بن سکیں’ انہوں نے کہا کہ کھیلیں نوجوان نسل کو بے راہروی سے بچانے کا بہترین ذریعہ ہیں’ کہتے ہیں ایک صحت مند دماغ’ صحت مند جسم میں ہوتا ہے اس لئے ضروری ہے کہ بری عادات ترک کر کے مثبت کھیلوں میں حصہ لیں تاکہ معاشرے میں عزت اور وقار سے زندگی بسر کر سکیں’ انہوں نے کہا کہ نوجوان نسل کیلئے ایسے ٹورنامنٹ کا انعقاد نہایت ضروری ہے’ مستقبل کے معماروں کیلئے صحیح سمت کا تعین کرنا صدقہ جاریہ ہے’ سعید اجمل نے کہا کہ ہم نے نوجوانوں کو صحیح سمیت کا تعین کرنے کا موقع دیا ہے’ آئیے ہمارا ساتھ دیں اور اپنے بچوں کو ہماری اکیڈمی بھیجیں’ میں آپ کو یقین دلاتا ہوں کہ آپ کا بچہ یہاں سے بہترین انسان اور کرکٹر بن کر نکلے گا اور اپنے شہر اور ملک کا نام روشن کرے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں