لاہور ( بیو رو چیف )سمارٹ سلیبس میں پیکٹا (پنجاب ایجوکیشن کریکولم ٹریننگ اینڈ اسسمنٹ اتھارٹی ) کی ایک اور نااہلی سامنے آگئی۔نہم جماعت کی فزکس ،کیمسٹری،بیالوجی اور کمپیوٹر سائنس کے سمارٹ سلیبس میں بہت سے ٹاپکس نکال دیئے گئے انکے سوالات ایکسرسائز میں رہنے دیئے گئے جس سے لاکھوں بچے فیل ہونے کا خدشہ پیدا ہوگیا ہے،سربراہ پاک ایوان تعلیم قاضی نعیم انجم نے پیکٹا سے غلطیاں فی الفور درست کرنے کا مطالبہ کردیا۔نوویں جماعت کی فزکس ،کیمسٹری،بیالوجی اور کمپیوٹرسائنس کے سمارٹ سلیبس نے بچوں کو پریشان کردیا ہے۔بہت سے ٹاپکس جو سمارٹ سلیبس سے نکال دیئے گئے ان کے سوالات مشقوں میں رہنے دیئے گئے۔اسی طرح ایکسرسائز سے نکالے گئے سوالات کے ٹاپکس ابواب میں رہنے دیئے ہیں۔سربراہ پاک ایوان تعلیم قاضی نعیم انجم کا کہنا ہے کہ کیمسٹری کے سمارٹ سلیبس میں 50 جگہوں پر غلطیاں ہیں۔فزکس کے سمارٹ سلیبس میں 85 جگہوں پر غلطیاں کی گئی ہیں۔قاضی نعیم انجم نے مزید بتایا کہ بیالوجی کے سمارٹ سلیبس میں 40 سے زائد جگہ پر غلطیاں ہیں اور کمپیوٹر سائنس کے سمارٹ سلیبس میں 21 سے زائد غلطیاں کی گئی ہیں۔قاضی نعیم انجم کا مزید کہنا تھا کہ صوبائی وزیر تعلیم کا سیلاب متاثرین بچوں کیلئے سمارٹ سلیبس کرنا اچھا اقدام ہے۔پیکٹا نے سمارٹ سلیبس میں بہت ساری غلطیاں کی ہیں جس کو فوری درست کرنے کی ضرورت ہے۔




