ساہیوال(بیورو چیف)کمشنرساہیوال ڈویژ ن ڈاکٹر آصف طفیل نے کہا ہے کہ سموگ کی روک تھام تمام متعلقہ محکمے باہمی رابطہ میں رہیں اور اس سلسلہ میں جاری اقدامات کو مزید مؤثر بنایا جائے ۔ انہوں نے کہا کہ ماحولیاتی آلودگی کا باعث بننے والے عناصر کے خلاف کارروائیاں تسلسل کیسا تھ جاری رکھی جائیں۔ وہ یہاں ڈویژنل انوائرمنٹ کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کر رہے تھے۔ اجلاس میں تینوں اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز کیپٹن ریٹائرڈ سمیع اللہ فاروق، محمد اکرام ملک، آصف رضا نے ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی جبکہ ایڈیشنل کمشنر کوارڈینیشن ڈاکٹر سیف اللہ بھٹی، ایس ڈی ای او پیرا فورس نعمان قیصر، ڈائریکٹر زراعت چوہدری شہباز اختر، ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ شاہد فاروق وڑائچ، ڈپٹی ڈائریکٹر ماحولیات محمد ادریس سمیت متعلقہ محکموں کے افسران اجلاس میں موجود تھے۔ محکمہ ماحولیات اور زراعت کے افسران نے سموگ کی روک تھام، ماحولیاتی آلودگی کے خاتمے اور اس حوالے سے کی جانے والی کارروائیوں کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔ کمشنر ڈاکٹر آصف طفیل نے محکمہ انوائرمنٹ کے افسران کو ہدایت کی کہ دھواں چھوڑنے والی فیکٹریوں، صنعتی یونٹس اور ماحولیاتی ایس او پیز پر عملدرآمد نہ کرنے والوں کے خلاف قانون کے مطابق بلاامتیاز کارروائی کی جائے۔ ڈائریکٹر زراعت چوہدری شہباز اختر نے بتایا کہ محکمہ زراعت کی جانب سے کسانوں کو فصلوں کی باقیات جلانے سے روکنے اور اس کے مضر اثرات سے آگاہ کرنے کیلئے آگاہی سیمینارز کا انعقاد کیا جا رہا ہے، جن میں فصلوں کی باقیات جلانے سے پیدا ہونے والی ماحولیاتی آلودگی اور نقصانات سے متعلق آگاہی دی جا رہی ہے۔ کمشنر نے کہا کہ صاف اور صحت مند ماحول کی فراہمی کیلئے تمام متعلقہ محکمے اپنی ذمہ داریاں مؤثر انداز میں ادا کریں۔ شہری بھی اپنے گھروں، گلیوں، بازاروں اور اردگرد کے ماحول کو صاف رکھنے میں اپنا کردار ادا کریں تاکہ ماحولیاتی آلودگی میں کمی لائی جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب کی ہدایات کے مطابق صاف ستھرا اور آلودگی سے پاک ماحول یقینی بنانے کیلئے صفائی ستھرائی، شجرکاری اور ماحولیاتی تحفظ کے اقدامات کو مزید مؤثر بنایا جا رہا ہے۔ صاف ستھرا پنجاب کے ویژن کی تکمیل کیلئے سرکاری اداروں کے ساتھ ساتھ شہریوں کا تعاون بھی نہایت اہم ہے۔




