سنیتا مارشل کو اپنے حالیہ بیان پر شدید تنقید کا سامنا

لاہور (شوبز نیوز) اداکارہ سنیتا مارشل کی جانب سے نوعمری میں لڑکوں اور لڑکیوں کے درمیان دوستی کو نارمل قرار دیے جانے کی بات پر صارفین نے انہیں آڑے ہاتھوں لے لیا۔پروگرام میں بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ تمام بیویوں کو اپنے شوہروں کو پہلے سے ہی بچوں کے تعلقات اور دوستیوں سے متعلق بتانا، آگاہ کرنا اور سمجھانا چاہیے۔ان کے مطابق ان کے شوہر تو تعلیم یافتہ اور سمجھدار ہیں، اس لیے انہیں بتانا اور سمجھانا نہیں پڑتا لیکن جن گھروں میں مرد کم پڑھے لکھے ہیں، وہاں بیویاں پہلے سے ہی شوہروں کو بچوں کے تعلقات سے متعلق بتانا اور سمجھانا شروع کریں۔سنیتا مارشل کا کہنا تھا کہ چوں کہ قدرتی طور پر مرد زیادہ جذباتی اور غصہ والا ہوتا ہے، اس لیے ایسی باتوں کا اچانک علم ہونے پر مرد غصہ بھی کر سکتے ہیں، اس لیے بیویاں پہلے سے ہی آہستہ آہستہ شوہروں کو بچوں کے تعلقات سے متعلق سمجھانا اور بتانا چاہیے۔اداکارہ کے مطابق نو عمری میں بچوں کی جانب سے تعلقات استوار کرنا معمول ہے اور یہ قدرتی عمل ہوتا ہے۔انہوں نے کہا کہ ان کے بچے ابھی چھوٹے ہیں، ان کے گرل اور بوائے فرینڈ نہیں ہوں گے لیکن اگر ان کے ایسے تعلقات ہیں تو بھی انہیں اس بات کا علم نہیں۔اسی بات کو آگے بڑھاتے ہوئے سنیتا مارشل کا کہنا تھا کہ نو عمری میں بچوں کی جانب سے گرل اور بوائے فرینڈ جیسے تعلقات بنانا عام بات ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں