سوتر منڈی کے تاجروں کو تجاوزات کے خاتمے کیلئے3روز کی مہلت

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) سوترمنڈی کے تاجروں کو 3روز میں تجاوزات ختم کرنے کی مہلت’ تجاوزات ختم نہ کرنے والوں کی دکانیں سیل اور ذمہ داروں کیخلاف مقدمات درج ہونگے پاکستان یارن مرچنٹس ایسوسی ایشن پنجاب وخیبرپختونخوا ریجن کے ریجنل چیئرمین شیخ عثمان افضل نے تاجروں کو ہدایت جاری کر دیں۔ یاد رہے کہ گزشتہ روز کمشنر راجہ جہانگیر انور’ ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) ندیم ناصر کی ہدایت پر ڈپٹی چیف آفیسر میونسپل کارپوریشن فیصل آباد عظمت فردوس نے سوترمنڈی کے ریجنل چیئرمین شیخ عثمان افضل سے ملاقات کر کے سوترمنڈی میں تجاوزات ختم کرتے ہوئے 3 روز کا وقت دیتے ہوئے کہا تھا کہ سوتر مارکیٹ میں موجود تمام غیر قانونی تجاوزات جیسے پھٹے’ تھڑے’ اضافی ایکسٹینشنز اور دیگر ناجائز قبضے ختم کر دیئے جائیں۔ مقررہ وقت تک احکامات پر عمل درآمد نہ کرنے والوں کیخلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ جس پر پائما کے ریجنل چیئرمین شیخ عثمان افضل نے بھی سوترمنڈی کے تاجروں کو فوری طور پر تجاوزات ختم کرنے کا مراسلہ جاری کر دیا اور کہا کہ 3روز کے بعد ڈپٹی چیف آفیسر میونسپل کارپوریشن عظمت فردوس دوباہ سوترمنڈی کا دورہ کرینگی اور تجاوزات کرنے والوں کے خلاف سخت ایکشن لیا جائے گا۔ جس کے تحت دکانیں سیل اور ذمہ داروں کیخلاف مقدمات کا اندراج بھی ہو گا۔ سوترمنڈی کے چیئرمین نے کہا کہ مقررہ وقت کے اندر اپنی اپنی تجاوزات ختم کر لیں تاکہ بڑے نقصان سے بچا جا سکے اور انتظامیہ کیساتھ تعاون کریں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں