فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) ایڈیشنل سیکرٹری (ٹیکنیکل) ڈاکٹر محمد عثمان طاہر،ڈائریکٹر جنرل (توسیع) ڈاکٹر سید ندیم بدر اور ڈائریکٹر جنرل (پروڈکشن) ڈاکٹر کنور نعیم نے سول ویٹرنری ہسپتال فیصل آباد میں زیر تعمیرایکسرے اور آپریشن تھیٹر سہولیات کے منصوبے کا دورہ کیا۔ ڈائریکٹر لائیوسٹاک ڈاکٹر حیدر علی خان، متعلقہ ایڈیشنل ڈائریکٹرز لائیوسٹاک اور دیگر افسران بھی موجود تھے۔ سینئر افسران نے جاری ترقیاتی کام کے معیار کا تفصیلی جائزہ لیا اور منصوبے کی بروقت تکمیل یقینی بنانے کے ساتھ مویشی پال حضرات اور پالتو جانوروں کے مالکان کو جدید ویٹرنری طبی سہولیات کی فراہمی کیلئے ضروری ہدایات جاری کیں۔ ڈائریکٹر جنرل (توسیع) ڈاکٹر سید ندیم بدر نے سول ویٹرنری ہسپتال کے مختلف شعبہ جات بشمول پیٹ کیئر ہسپتال،الٹراسائونڈ سہولت، ڈویژنل ویکسینیشن سٹور، کولڈ چین فیسلٹی اور او پی ڈی کا بھی دورہ کیا۔انہوں نے صفائی، سروس ڈیلیوری اور انتظامی امور کا جائزہ لیتے ہوئے سہولیات میں مزید بہتری اور عوامی خدمات کے موثر نظام کیلئے متعلقہ افسران کو ہدایات جاری کیں۔




