سول ڈیفنس کی کارروائی،بڑی مقدار میں سامان آتشبازی برآمد

مکوآنہ (نامہ نگار)مکوآنہ خانوآنہ بائی پاس پر سول ڈیفنس کی جانب سے بڑی کارروائی عمل میں لائی گئی، جس کے دوران بھاری مقدار میں غیر قانونی آتش بازی کا سامان برآمد کر لیا گیا۔ ذرائع کے مطابق کارروائی خفیہ اطلاع پر کی گئی، جہاں ٹیم نے موقع پر پہنچ کر گودام کی تلاشی لی اور بڑی تعداد میں خطرناک آتش گیر مواد قبضے میں لے لیا۔ سول ڈیفنس حکام کا کہنا ہے کہ آتش باز ی کا یہ سامان بغیر اجازت اور حفاظتی اقدامات کے رکھا گیا تھا، جو کسی بھی بڑے حادثے کا سبب بن سکتا تھا۔بعد ازاں برآمد شدہ آتش بازی کو سڑک پر جمع کر کے ریسکیو 1122اور فائر بریگیڈ کے عملے کی مدد سے پانی ڈال کر مکمل طور پر ناکارہ بنا دیا گیا، تاکہ کسی بھی قسم کا جانی یا مالی نقصان نہ ہو۔حکام نے مزید بتایا کہ ذمہ داران کے خلاف قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا گیا ہے اور شہر میں غیر قانونی آتش بازی کے کاروبار کے خلاف کریک ڈان جاری رہے گا۔ شہریوں نے اس بروقت کارروائی کو سراہتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ ایسے عناصر کے خلاف سخت اقدامات کیے جائیں تاکہ عوام کی جان و مال کو محفوظ بنایا جا سکے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں