فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کرپشن فری پنجاب کے تحت محکمہ سول ڈیفنس نے کرپشن کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے سول ڈیفنس کے نام پر دکانداروں سے مبینہ طور پر فی دکان2 ہزار روپے رشوت وصول کرنیوالے دو رضاکار آصف خالد اور خرم سامسن کو رنگے ہاتھوں پکڑ لیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر محمد نعمان صدیق کی ہدایات اور ڈائریکٹر سول ڈیفنس پنجاب ضیغم نواز کی سربراہی میں ڈسٹرکٹ سول ڈیفنس آفیسر جاوید اختر نے کارروائی کرتے ہوئے دونوں رضاکاروں کو مزید قانونی کارروائی کے لئے اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ کے حوالے کر دیا۔سٹرکٹ سول ڈیفنس آفیسر نے کہا کہ محکمہ سول ڈیفنس کے نام پر غیر قانونی طور پر رقم وصول کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ کسی بھی فرد کو سرکاری ادارے کا نام استعمال کرکے شہریوں کو ہراساں کرنے یا ناجائز وصولیوں کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔ انہوں نے واضح کیا کہ محکمہ میں شفافیت، دیانت داری اور نظم و ضبط کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا اور غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث عناصر کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی جاری رہے گی۔انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ اگر کوئی شخص سول ڈیفنس کے نام پر غیر قانونی رقم طلب کرے تو اس کی اطلاع متعلقہ حکام کو دیں تاکہ ایسے عناصر کے خلاف بروقت قانونی کارروائی عمل میں لائی جا سکے۔




