واشنگٹن (مانیٹرنگ ڈیسک) امریکا اور ایران کے درمیان ہفتے کے اختتام پر فوجی کشیدگی میں آنے والے وقفے کے بعد عالمی منڈی میں سونے کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ دیکھنے میں آیا۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے بلومبرگ کے مطابق سونے کی قیمت میں ایک موقع پر 1.6فیصد اضافہ ہوا، جس کے بعد فی اونس قیمت 4,100ڈالر سے تجاوز کر گئی، اس سے قبل گزشتہ ہفتے بھی سونے کی قیمت میں تقریباً ایک فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا تھا۔رپورٹ کے مطابق امریکا نے ایران کے خلاف تقریباً دو ہفتوں سے جاری حملوں کا سلسلہ بغیر کسی باضابطہ اعلان کے روک دیا، جبکہ ایران نے بھی جوابی کارروائی سے گریز کا اشارہ دیا ہے۔ دریں اثنا، ایران اور عمان کے درمیان آبنائے ہرمز سے بحری آمدورفت کے اہم معاملے پر مذاکرات بھی ہوئے، جس سے تیل کی سپلائی میں ممکنہ رکاوٹوں اور مہنگائی کے خدشات میں کمی آئی۔تجزیہ کاروں کے مطابق جغرافیائی کشیدگی میں وقتی کمی کے باوجود سرمایہ کاروں نے محفوظ سرمایہ کاری کے طور پر سونے کا رخ کیا، جس کے باعث عالمی مارکیٹ میں سونے کی قیمت مزید مستحکم ہو گئی۔




