فیصل آباد( سٹاف رپورٹر)جماعت اسلامی پبلک ایڈکمیٹی کے صدر میاںانوارالحق ایڈووکیٹ ، سیکرٹری حافظ محمدشاہدایڈووکیٹ نے شہرمیں سٹریٹ کرائم کی بڑھتی ہوئی وارداتوں پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہرمیں روزانہ موٹرسائیکل اور موبائل چھیننے کی درجنوں واردا تیں ضلعی پولیس کی نااہلی کا منہ بولتا ثبوت ہیں،مجرم اور جرائم پیشہ عناصر کھلے عام دندناتے پھر رہے ہیں جبکہ حکومت اور قانون نافذ کرنے والے ادارے خاموش تماشائی بنے بیٹھے ہیں۔ عوام کے جان ومال اور عزت وآبرو بھی غیر محفوظ ہوچکے ہیں۔فیصل آباد کیشہری چوری اور ڈکیتی کی وارداتوں کا جس قدر شکار ہورہے ہیںاس کی مثال کہیں نہیں ملتی ۔ ڈکیتی اور چوری کی وارداتوں نے شہریوں کی زندگیوں کو اجیرن بنا رکھا ہے جس کی وجہ سے شہری شدید مشکلات کا شکارہو رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ عوام نے اگر از خود چوروں اور ڈاکوئوں کا مقابلہ شروع کر دیا تو یہ کسی بڑے حادثہ کا سبب ثابت ہو سکتا ہے۔ پاکستان کا تیسرا بڑا شہر ترقیاتی اور اقتصادی طور پر بحرانوں کی زد میں آ چکا ہے۔شہری اپنی عزت ، جان و مال اور کارو بار سے پریشان ہیں ۔ حکومت کی طرف سے مہنگائی ،بیروزگاری اور معاشی بحران کے شکار شہریوں کو ریلیف فراہم کرنے کی بجائے ذہنی امراض میں مبتلاکیاجا رہا ہے۔انہوں نے ضلعی انتظامیہ کو متنبہ کیا کہ فوری طور امن و امان کی بحالی پر توجہ دی جائے اور شہریوں کی عزت اورجان و مال کو کو تحفظ فراہم کیا جائے ،شہر میں جرائم کنٹرول پر خصوصی توجہ دی جائے اور شہریوں کو اپنی حفاظت آپ کرنے کے لئے اسلحہ رکھنے کی اجازت دی جائے۔




