سپورٹس کمپلیکس ایف ڈی اے سٹی شاہکار منصوبہ بن چکا ہے،آصف چوہدری

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے محمد آصف چوہدری نے کہا ہے کہ شائقین کو ان ڈور گیمز کی جدید، معیاری اور عالمی معیار کی سہولیات فراہم کرنے کے لئے پرعزم ہیں اس سلسل میں سپورٹس کمپلیکس ایف ڈی اے سٹی صحت مند اور مثبت سرگرمیوں کے فروغ کے حوالے سے ایک مثالی اور شاہکار منصوبہ بن چکا ہے، جہاں کھیلوں کے شائقین کو عالمی معیار کی ان ڈور سپورٹس سہولیات میسر ہیں اور شہریوں کی بڑھتی ہوئی دلچسپی اور ممبرشپ میں مسلسل اضافے کو مدنظر رکھتے ہوئے سپورٹس کمپلیکس کی مزید توسیع اور بہتری کے لیے جامع ماسٹر پلاننگ بھی کی گئی ہے۔ انہوں نے یہ بات کمشنر فیصل آباد و چیئرپرسن مینجمنٹ کمیٹی مسرت جبیں کی ہدایات پر ممبرشپ کے خواہشمند امیدواروں کے انٹرویوز کے موقع پر کہی۔ اس موقع پر ایڈیشنل کمشنر کوآرڈینیشن سید مرتضی تنویر، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فنانس مدثر ممتاز، ڈائریکٹر آئی ٹی ایف ڈی اے یاسر اعجاز چٹھہ، ڈویژنل سپورٹس آفیسر ندیم قیصر، صدر چیمبر آف کامرس شیخ فاروق یوسف اور مینجمنٹ کمیٹی کے دیگر ارکان بھی موجود تھے۔ ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے نے کہا کہ سپورٹس کمپلیکس نہ صرف کھیلوں اور تفریحی سرگرمیوں کا بہترین مرکز ہے بلکہ یہ شہریوں اور خاندانوں کے لیے صحت مند طرزِ زندگی کے فروغ میں بھی اہم کردار ادا کر رہا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ اس کی ممبرشپ میں روز بروز اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ امیدواروں کے انٹرویوز کا مقصد ممبرشپ کے اعلی معیار، نظم و ضبط اور ادارے کے وقار کو برقرار رکھنا ہے تاکہ تمام ممبرز فیملی ماحول میں بہترین اور معیاری وقت گزار سکیں۔ ڈی جی ایف ڈی اے نے انٹرویو کے لیے آنے والے تمام 29 امیدواروں کی قابلیت، شخصیت اور صحت مند سرگرمیوں میں دلچسپی کو مدنظر رکھتے ہوئے انہیں ممبرشپ دینے کا اعلان کیا۔ انہوں نے نئے ممبرز پر زور دیا کہ وہ سپورٹس کمپلیکس کے قواعد و ضوابط اور نظم و ضبط کی مکمل پاسداری کریں تاکہ بہترین ماحول، باہمی احترام اور خوشگوار فضا کو برقرار رکھا جا سکے۔انہوں نے کہا کہ ممبرز سپورٹس کمپلیکس کے انتظامی اور ترقیاتی امور میں مزید بہتری کے لیے اپنی مثبت تجاویز بھی فراہم کریں تاکہ اس کی ترقی اور اعلی نظم و نسق مزید بہتری لائی جا سکے۔اس موقع پر امیدواروں نے کمشنر فیصل آباد مسرت جبیں، ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے محمد آصف چوہدری اور دیگر متعلقہ افسران کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ بطور ممبر سپورٹس کمپلیکس کے وقار، ترقی اور مثبت تشخص کو مزید مضبوط بنانے میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں گے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں