لاہور (بیوروچیف)سپورٹس بورڈ پنجاب اور پاکستان سکواش اکیڈیمی کے درمیان سکواش کی ترقی کیلئے ایم او یو کی تقریب پر دستخط کی تقریب منعقد ہوئی۔ پنجاب سٹیڈیم میں ہونیوالی تقریب کی سربراہی سیکرٹری سپورٹس پنجاب فضل الرحمن نے کی جبکہ عالمی سکواش لیجنڈ جہانگیر خان نے خصوصی شرکت کی ،تقریب میں ڈائریکٹرجنرل سپورٹس پنجاب محمد طارق قریشی اور پاکستان سکواش اکیڈیمی کے سی ای او عدنان اسد نے ایم او یو پر دستخط کیے اور دستاویزات کا تبادلہ کیا۔ عالمی سکواش لیجنڈ جہانگیر خان نے اس موقع پر کہا کہ پاکستان میں سکواش کے فروغ اور نئے ٹیلنٹ کی حوصلہ افزائی انتہائی ضروری ہے،سپورٹس ڈیپارٹمنٹ پنجاب کی جانب سے تعمیر کیا جانے والا سکواش کمپلیکس پاکستان کا جدید ترین سکواش کمپلیکس ہے، بہترین سہولیات سے آراستہ ہے ،جو سکواش کیلئے ٹیلنٹ کو سامنے لانے کیلئے اہم کردار اداکرے گا، عالمی سکواش لیجنڈ جہانگیر خان نے وزیراعلیٰ پنجاب کا سکواش کمپلیکس کی تعمیر پر شکریہ ادا کرتے ہوئے سیکرٹری سپورٹس پنجاب فضل الرحمن، ڈی جی سپورٹس پنجاب محمد طارق قریشی اور پوری ٹیم کو مبارکباد دی۔سیکرٹری سپورٹس پنجاب فضل الرحمن نے کہا کہ پنجاب میں سکواش کے فروغ میں سٹیٹ آف دی آرٹ سکواش کمپلیکس اہم کردار ادا کرے گا، ہمارا مقصد سکواش کے نئے ٹیلنٹ کو سامنے لانا ہے تاکہ پاکستان عالمی سطح پر سکواش میں دوبارہ فتوحات حاصل کرسکے،ایم او یو کے مطابق سکواش کمپلیکس میں انٹرنیشنل ایونٹس بھی منعقد کیے جائیں گے، جس سے پنجاب میں سکواش کے کھیل کو مزید فروغ ملے گا۔ڈائریکٹرجنرل سپورٹس پنجاب محمد طارق قریشی نے کہا کہ ایم او یو کے تحت سکواش کمپلیکس کے تین سکواش کورٹس کھلاڑیوں کی تربیت اور پریکٹس کے لیے پاکستان سکواش اکیڈیمی کو دیئے جارہے ہیں، باصلاحیت اور ابھرتے ہوئے کھلاڑیوں کو جدید تربیت اور کوچنگ کی سہولت فراہم کی جائے گی تاکہ وہ ملکی و بین الاقوامی سطح پر پاکستان کا نام روشن کرسکیں۔




