فیصل آباد (ایجوکیشن رپورٹر) چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی فیصل آباد رائو عبد الکریم نے ضلع بھر کے سرکاری سکولوں میں جاری ترقیاتی منصوبوں کے دوران حفاظتی و سیکیورٹی اقدامات کو یقینی بنانے اور چائلڈ لیبر (بچوں سے مشقت) پر سختی سے پابندی عائد کرنے کے احکامات جاری کر دیے ہیں۔ جاری ہونے والے مراسلے کے مطابق ضلع کے تمام ڈسٹرکٹ ایجوکیشن افسران (سیکنڈری، ایلیمنٹری میل اور ایلیمنٹری فی میل) کو ہدایت کی گئی ہے کہ ترقیاتی کاموں کے دوران طلبہ، اساتذہ، سکول عملے، آنے والے افراد اور عام شہریوں کے تحفظ کے لیے تمام ضروری حفاظتی اقدامات پر سختی سے عمل درآمد کرایا جائے۔ تمام تعمیراتی مقامات پر مناسب بیریئرز (Barricading)، وارننگ سائن بورڈز اور دیگر حفاظتی انتظامات لازمی کیے جائیں، جبکہ کام کے دوران حفاظتی اصولوں پر مسلسل نگرانی بھی کی جائے تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے۔مراسلے میں اس بات پر بھی زور دیا گیا ہے کہ ترقیاتی منصوبوں پر کسی بھی صورت کم عمر بچوں سے مزدوری نہ کرائی جائے۔ تمام ٹھیکیداروں، سب کنٹریکٹرز اور لیبر سپلائرز کو پابند بنایا گیا ہے کہ وہ قانونی عمر سے کم کسی فرد کو کام پر نہ رکھیں۔ خلاف ورزی کی صورت میں متعلقہ ٹھیکیدار اور ذمہ دار افسر کے خلاف قواعد و ضوابط کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔رائو عبدالکریم نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی ہے کہ وہ اپنے اپنے علاقوں میں جاری تمام ترقیاتی منصوبوں کی ذاتی طور پر نگرانی کریں، احکامات پر مکمل عمل درآمد یقینی بنائیں اور تعمیل رپورٹ بھی دفتر کو ارسال کریں۔




