فیصل آباد (ایجوکیشن رپورٹر) چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی فیصل آباد رائو عبد الکریم نے ڈپٹی چیف (ورکس) ایس ایم یو-ایس ای ڈی حافظ سیف اللہ کے ہمراہ سرکاری سکولوں میں جاری ترقیاتی منصوبوں کا اچانک دورہ کیا اور مختلف سکولوں میں جاری تعمیراتی و ترقیاتی کاموں کا تفصیلی جائزہ لیا۔اس موقع پر چیف ایگزیکٹو آفیسر رائو عبد الکریم نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ تمام ترقیاتی منصوبے منظور شدہ معیار، تکنیکی تفصیلات اور مقررہ مدت کے مطابق مکمل کیے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ منصوبوں کے معیار پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا اور عوامی وسائل کے شفاف اور مثر استعمال کو ہر صورت یقینی بنایا جائے۔انہوں نے کہا کہ ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی فیصل آباد سرکاری سکولوں میں جاری ترقیاتی کاموں کی مسلسل نگرانی کر رہی ہے۔ باقاعدگی سے فیلڈ وزٹس اور معائنوں کے ذریعے منصوبوں کی پیش رفت کا جائزہ لیا جا رہا ہے تاکہ تمام سکیمیں بروقت، اعلی معیار اور منظور شدہ ڈیزائن کے مطابق مکمل ہوں۔چیف ایگزیکٹو آفیسر نے تمام متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ ترقیاتی منصوبوں کی مسلسل نگرانی جاری رکھیں، درپیش مسائل کو فوری طور پر حل کریں اور تمام منصوبوں کی بروقت تکمیل کو یقینی بنائیں تاکہ طلبہ کو بہتر اور معیاری تعلیمی سہولیات فراہم کی جا سکیں۔




