اسلام آباد (بیوروچیف) حکومت نے سکول مینجمنٹ کونسلز کے اختیارات محدود کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے، جس کے تحت اب کونسلز صرف سکولوں کی مرمت اور دیکھ بھال تک محدود رہیں گی۔ذرائع کے مطابق ایس ایم سی کو نئی تعمیرات، کلاس رومز یا دیگر ترقیاتی منصوبے شروع کرنے کا اختیار نہیں ہوگا۔ یہ اختیار سٹریٹجک مینجمنٹ یونٹ کو منتقل کر دیا گیا ہے، جو آئندہ تمام نئی تعمیرات کی نگرانی کرے گا۔حکام کا کہنا ہے کہ سکول مینجمنٹ کونسلز کو مرمت اور دیکھ بھال کیلئے سالانہ 15 لاکھ روپے تک خرچ کرنے کی اجازت ہوگی، جبکہ ضرورت کے مطابق یہ فنڈز دیگر متعلقہ امور پر بھی استعمال کیے جا سکیں گے۔تمام اخراجات سرکاری مالی قواعد، آڈٹ قوانین اور پیپرا رولز کے مطابق ہوں گے، جبکہ ایس ایم سی کے اکانٹس کا آڈٹ آڈیٹر جنرل آف پاکستان کرے گا۔ذرائع کے مطابق اس اقدام کا مقصد تعمیراتی کاموں میں شفافیت اور معیار کو بہتر بنانا ہے، جبکہ ایس ایم سیز کو صرف دیکھ بھال کے امور تک محدود رکھا جائے گا اور نئی تعمیرات حکومت خود مکمل کرے گی۔




