فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) میٹروبس پراجیکٹ پر تیزی سے عملدرآمد جاری’ ریلوے اسٹیشن چوک سے ٹریفک سگنلز اتار لئے گئے مگر وہاں پر ٹریفک نظام کی بہتری یقینی بنانے کے لیے ٹریفک وارڈنز کی ڈیوٹیاں نہ لگائی جا سکیں، ٹریفک نظام درہم برہم’ شہریوں کو شدید مشکلات۔ تفصیل کے مطابق ریلوے اسٹیشن چوک سے ٹریفک سگنلز اتارے جانے کے باوجود وہاں پر ٹریفک نظام کے لیے مناسب اقدامات نہیں کئے جا سکے، حتیٰ کہ یہاں پر ٹریفک وارڈنز کی ڈیوٹیاں بھی نہیں لگائی جا سکیں، اس وجہ سے یہاں پر ٹریفک مسائل بڑھ چکے ہیں اور شہریوں کو آمدورفت میں شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ اس مسئلہ کے ترجیحی بنیادوں پر حل کے بھرپور اقدامات اٹھائے جائیں۔




