سید نا عثمان غنی کی سیرت و کردار نسل نو کیلئے مشعل راہ ہے،زاہد محمود قاسمی

فیصل آباد(سٹاف رپورٹر) چیئرمین مرکزی علما کونسل پاکستان صاحبزادہ زاہد محمود قاسمی نے اپنے خطاب میں کہا کہ سیدنا عثمان غنی کی سیرت و کردار نسل نو کیلئے مشعل راہ ہے۔ آپ نے اپنے دور حکومت میں فوجیوں کے وظائف میں اضافہ کیا۔ فوجی مراکز مضبوط کئے۔ملک کی نظم و نسق کو مضبوط اور مستحکم بنیادوں پر استوار کیا۔ آپ کی سیرت سے یہ سبق ملتا ہے کہ اللہ اور اس کے رسولۖ کی خاطر راہ حق میں پیش آمدہ تکالیف کو خندہ پیشانی سے برداشت کرنا اور امت کو انتشار سے بچانا صحابہ کرام کی سنت ہے۔وائس چیئرمین پیر جی خالد محمود قاسمی نے کہا کہ سیدنا عثمان غنی نے اپنی ساری زندگی دین اسلام اور آقاۖ کی خدمت کیلئے وقف کی۔ ان کی شخصیت آج کے نوجوانوں کیلئے رول ماڈل ہے۔ حضرت عثمان غنی نے اپنے سیاسی شعور اور حکمت عملی سے اسلام کو تقویت بخشی۔مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل مولانا شبیر احمد عثمانی نے کہا کہ سیدنا عثمان غنی کی سیرت اور فکر سے امت مسلمہ کو انتہا پسندی سے بچایا جاسکتا ہے۔مشکل ترین حالات میں بھی مدینہ طیبہ میں خون ریزی برداشت نہیں کی بلکہ صبر کی انتہا کرتے ہوئے پوری دنیا کے امن پسندوں کیلئے مشعل راہ بن گئے۔حضرت سیدنا عثمان غنی کا دور خلافت بے مثال تھا۔مولانا یوسف فاروقی نے کہا کہ حضرت سیدنا عثمان غنی کی زندگی کا ہر پہلو نہ صرف مسلمانوں کیلئے بلکہ عالم انسانیت کیلئے مشعل راہ ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں