لاہور(بیورو چیف)پنجاب میں بدترین سیلابی صورتحال کی وجہ سے 7 لاکھ سے زائد بچوں کا تعلیمی سلسلہ عارضی طور پر رک گیا ہے۔چیئرمین ٹاسک فورس برائے ایجوکیشن مزمل محمود نے بتایا کہ سیلاب کے باعث لڑکوں کے ایک ہزار 400 اور لڑکیوں کے ایک ہزار 500 سکولوں سمیت صوبہ کے 2 ہزار 900 سے زائد سکولز بند کرنا پڑے۔انہوں نے کہا کہ ایک ہزار 150 سکولوں میں پانی آیا، 850 سے زائد کی عمارتیں جزوی متاثر ہوئیں جبکہ 45 سکول مکمل طور پر گِر گئے، گجرات، حافظ آباد، مظفر گڑھ، نارووال اور ملتان کے سکول سب سے زیادہ متاثر ہوئے۔سیکرٹری سکولز پنجاب خالد نذیر کے مطابق تعلیمی حرج والے 7 لاکھ بچوں کو پیف اور پیما کے سکولوں میں بھیج کر تعلیمی خلا ء کو پورا کیا جائے گا، اضافی کلاسز لگا کر اور ہفتہ کے دن بھی بلا کر پڑھایا جائے گا جبکہ موبائل یونٹس بھی شروع کیے گئے ہیں۔




