سیلاب متاثرین کو کسی صورت تنہا نہیں چھوڑا جائیگا ،ڈپٹی کمشنر ٹوبہ

ٹوبہ ٹیک سنگھ (نامہ نگار)وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر سیلاب متاثرہ خاندانوں کی بحالی اور امدادی سرگرمیاں ضلعی انتظامیہ کی جانب سے بھرپور انداز میں جاری ہیں۔ڈپٹی کمشنر محمد نعیم سندھو نے متاثرہ خاندانوں کے گھروں کی دہلیز تک جا کر راشن بیگز تقسیم کیے اور متاثرین کو یقین دہانی کروائی کہ انہیں کسی صورت تنہا نہیں چھوڑا جائے گا۔ ان کے ساتھ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو سید جمیل حیدر شاہ بھی تقسیم کے عمل میں شریک رہے۔تحصیل پیر محل اور کمالیہ میں آج مزید ایک ہزار راشن بیگز تقسیم کیے گئے جبکہ اس سے قبل 8500 راشن بیگز گھر واپسی پر متاثرہ فیملیز کو فراہم کیے جا چکے ہیں۔ راشن بیگز کے ساتھ مچردانیاں بھی دی گئیں تاکہ متاثرین کو سہولت میسر آ سکے۔ڈپٹی کمشنر محمد نعیم سندھو نے کہا کہ وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایات پر امدادی سرگرمیاں بلاتعطل جاری ہیں اور متاثرہ خاندانوں کی مکمل بحالی تک ریلیف کا عمل جاری رہے گا۔ انہوں نے اس عزم کا بھی اظہار کیا کہ سیلاب متاثرین کو ہر ممکن سہولت فراہم کی جائے گی۔متاثرہ خاندانوں نے گھر کی دہلیز پر امداد کی فراہمی پر خوشی اور اطمینان کا اظہار کیا اور ضلعی انتظامیہ سمیت وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف کا شکریہ ادا کیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں