فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) پاکستان فلاح پارٹی کے سینئر وائس چیئرمین سید آفتاب عظیم بخاری نے حالیہ بارشوں اور اس کے نتیجے میں ہونے والے جانی ومالی نقصان پراظہارافسوس کرتے ہوئے کہا ہے کہ بارشوں اور سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں انسانیت کو بچا نے کیلئے پوری قوم متحد ہو کر انکی عملی مدد کرے ۔ ہمیں بحیثیت ایک قوم اپنے ہم وطن لوگوں کی اس مشکل گھڑی میں بھرپو ر امداد کرنا ہوگی۔ متاثرین کی ہر ممکن مالی مددکی کوشش کرنا ہو گی تاکہ وہ خود کوبے سہارا ناسمجھیں۔ قدرتی آفات کامقابلہ نہیں کیاجاسکتا بلکہ اللہ تعالیٰ سے اسکی پناہ مانگنے کی عادت کواپنانااور اپنے ملک اورخطے کی بدلتی موسمی تبدیلیوں کومدنظر رکھ ایسے مواقع پر کم سے کم نقصانات کی حکمت عملی کیلئے اقدامات کرنا ہونگے۔ جانی نقصان کا ازالہ ممکن نہیں ہے لیکن اس مصیبت کی گھڑی میں اپنے ہم وطن لوگوں کے ساتھ کھڑے ہونا ہمارا دینی ،ملی اخلاقی فرض ہے تاکہ وہ اس مصیبت کی گھڑی میں خود کوتنہا ناسمجھیں ۔ مرکزی وصوبائی حکومتوں کو چاہیے کہ وہ اس مشکل میں پھنسے لوگوں اورانکے جانی ومالی نقصان کی تلافی کے لئے ہرممکن مدد فراہم کریں ۔ بارشوں اورسیلاب نے وادیاں اجاڑ دی ہیں، بستیاں بہا لی ہیں اور ہزاروں خاندان بے گھر ہوچکے ہیں۔ ان کی امید اب صرف آپ ہیں۔لازمی امر یہ ہے ہمیں مشکل کی اس گھڑی میں انسانیت کی خدمت کے سفر میں شامل ہونا چاہیے یاد رکھیں کہ آپ کا تھوڑا سا تعاون کسی بے سہارا خاندان کے لیے زندگی کی سب سے بڑی نعمت ہے۔




