لاہور (سپورٹس نیوز) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے آئندہ برس کے لیے 38 کرکٹرز کو نئے سینٹرل کنٹریکٹس دے دیے ہیں جن کا اطلاق 30 جون 2027 تک ہو گا۔ نئے سینٹرل کنٹریکٹس میں سابق کپتان محمد رضوان، امام الحق، شان مسعود، صائم ایوب اور عبداللہ شفیق سمیت پاکستان ٹیم کا حصہ رہنے والے بعض سینئر کھلاڑیوں کو شامل نہیں کیا گیا۔پی سی بی کا دعویٰ ہے کہ نئی فہرست میں پاکستان ٹیم کے تجربہ کار کھلاڑیوں کے ساتھ ابھرتے ہوئے نوجوانوں کو بھی شامل کیا گیا ہے، جسے پاکستان کرکٹ کے مستقبل کی منصوبہ بندی اور مختلف فارمیٹس کے لیے الگ حکمتِ عملی کی عکاسی قرار دیا جا رہا ہے۔ان سینٹرل کنٹریکٹس کا اعلان پاکستان کرکٹ بورڈ کے ڈائریکٹر ہائی پرفارمنس عاقب جاوید اور ہیڈ کوچ مائیک ہیسن نے سنیچر کو لاہور میں نیوز کانفرنس کے دوران کیا۔پی سی بی نے یہ نہیں بتایا کہ سینٹرل کنٹریکٹس میں شامل کھلاڑیوں کو ماہانہ کتنی تنخواہ ملے گی’ کھلاڑیوں کی کیٹیگری کا نظام یعنی اے، بی، سی اور ڈی ختم ہونے سے پہلے بعض میڈیا رپورٹس کے مطابق اے کیٹیگری میں شامل کرکٹر کو پی سی بی ماہانہ 60 لاکھ روپے تک معاوضہ دیتا تھا۔نئے سینٹرل کنٹریکٹس کے تحت بابر اعظم اور سلمان علی آغا کو ٹیسٹ اور ون ڈے انٹرنیشنل کیٹیگری میں جگہ دی گئی ہے، جبکہ اذان اویس، محمد عباس، ساجد خان اور سعود شکیل کو ٹیسٹ کرکٹ کی کیٹیگری میں شامل کیا گیا ہے۔ون ڈے اور ٹی 20 انٹرنیشنل کی مشترکہ کیٹیگری میں ابرار احمد، عرفات منہاس، فخر زمان، فہیم اشرف، حارث رف اور شاہین شاہ آفریدی کو شامل کیا گیا ہے۔ٹی 20 انٹرنیشنل کیٹیگری میں حسن نواز، معاذ صداقت، محمد سلمان مرزا، نسیم شاہ، صاحبزادہ فرحان، شاداب خان اور عثمان طارق کو جگہ ملی ہے۔




