فیصل آباد(سٹاف رپورٹر) سیڑھیوں سے گر کر ضعیف العمر شخص ، کرنٹ لگنے سے 4سالہ بچہ جاں بحق،15سالہ لڑکے کی نعش برآمد، با اثر افراد نوجوان کو تشدد کا نشانہ بناتے ہوئے فحش ویڈیو بناتے رہے، مشتعل افراد کے ہاتھوں 4افراد لہولہان، چالاک ملزمان نے 5شہریوں کو کنگال کر دیا، پولیس مصروف تفتیش ہے۔تفصیل کے مطابق جڑانوالہ کے نواحی گائوں 41ر۔ب کا رہائشی 75سالہ فقیر حسین ولد اعجاز گھر کی سیڑھیاں اترتے ہوئے پائوں سلپ ہونے سے گر پڑا، سر میں شدید چوٹ آنے پر ہسپتال لایا گیا جہاں وہ زخموںکی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا،ڈجکوٹ کے علاقہ 246ر۔ب میں کرنٹ لگنے سے 4سالہ بچہ محمد خان زندگی کی بازی ہار گیا، ڈجکوٹ کے علاقہ 263ر۔ب کوڈو بنگلہ کے قریب نہر سے 15سالہ لڑکے کی نعش برآمد، جسے مبینہ طور پر تشدد کر کے سفاک افراد نے قتل کر کے نہر برد کر دیا، پولیس نے شناخت نہ ہونے پر نعش شعبہ مارچری یونٹ منتقل کر کے قتل کا سراغ لگانے کیلئے قاتلوں کی تلاش شروع کر دی، جبکہ ڈی ٹائپ کالونی کے علاقہ محمد علی ٹائون کے رہائشی شاہ زیب نے بتایا کہ اس کی فحش ویڈیو بنا کر سوشل میڈیا پر وائرل کر دی۔جبکہ مختلف واقعات کے دوران مشتعل ملزمان نے فائرنگ’ چھریوں کے وار کر کے مدثر اور اسکے بھائی’ جھنگ روڈ پر بائو والا میں فیصل اور خالد کو بری طرح زخمی کر دیا۔ علاوہ ازیں کاروباری ودھوکہ دہی سے سول لائن کے وقاص سے ملزم تجمل نے 17لاکھٍ’ کوتوالی روڈ کے ذیشان سے ملزم وحید قیصر نے 7لاکھ’ منشی محلہ کے شان علی کا ملزمان سہیل اسد نے امانت رکھوایا جانے والا لاکھوں کا مال ہڑپ کر لیا’ جعلی کاغذات تیار کر کے نسیم اختر سے ملزمان ابراہیم وغیرہ نے پراپرٹی ہتھیالی’ سرگودھا روڈ اکبر چوک کے علی رضا سے ملزمان ہارون وغیرہ نے اڑھائی لاکھ ہتھیا لئے اور پیپلزکالونی کے علاقہ میونسپل ڈگری کالج کے بالمقابل سکیورٹی ایجنسی کا سپروائزر کرامت ملازمین کی ساڑھے چار لاکھ کی تنخواہیں لے اُڑا۔ پولیس نے مقدمات درج کر کے ملزمان کی تلاش شروع کر دی ہے۔




