شرمیلا ٹیگور نے اسلام قبول کیا تھا’ بچوں کو مذہبی تعلیم دی’ حبا پٹودی

ممبئی (شوبز نیوز) بالی ووڈ اداکارہ شرمیلا ٹیگور کی بیٹی صبا پٹودی نے انکشاف کیا ہے کہ ان کی والدہ نے سابق بھارتی کرکٹر منصور علی خان پٹودی سے شادی کے وقت اسلام قبول کیا تھا اور بعد ازاں اپنے بچوں کو بھی اسلام اور مذہبی تعلیمات سے آگاہ کیا۔صبا پٹودی نے حالیہ انٹرویو میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ان کا مذہب اسلام ہے اور وہ اس سے دلی وابستگی رکھتی ہیں۔ان کے مطابق جب وہ خدا کے بارے میں سوچتی ہیں تو اللہ کا نام لیتی ہیں، تاہم وہ دیگر مذاہب کا بھی مکمل احترام کرتی ہیں۔صبا نے بتایا کہ ان کی والدہ شرمیلا ٹیگور نے شادی کے بعد اسلام قبول کیا اور بچوں کی مذہبی تربیت بھی کی تاکہ وہ کسی مذہبی الجھن کا شکار نہ ہوں اور انہیں اپنی مذہبی شناخت کے بارے میں بنیادی سمجھ حاصل ہو۔ان کا کہنا تھا کہ گھر میں ہندو مذہب کی باقاعدہ مذہبی رسومات نہیں ہوتیں تھیں، تاہم شرمیلا ٹیگور نے انہیں اسلام، رمضان اور دیگر مذہبی امور کے بارے میں آگاہ کیا۔بعد میں بچوں کو اپنی مرضی کے مطابق زندگی گزارنے اور اپنے عقیدے کا انتخاب کرنے کی آزادی دی گئی۔صبا پٹودی کے مطابق ان کے گھر میں کسی مذہب کو زبردستی مسلط نہیں کیا گیا۔ خاندان میں عید کے ساتھ ساتھ کرسمس، دیوالی اور ہولی جیسے تہوار بھی مل جل کر منائے جاتے رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ عقیدہ ہر انسان کا ذاتی معاملہ ہے اور کسی شخص پر مذہب زبردستی مسلط نہیں کیا جا سکتا۔ صبا کے مطابق ان کے بہن بھائیوں نے مختلف مذاہب میں شادیاں کی ہیں اور خاندان میں مذہبی اختلافات کو کبھی رکاوٹ نہیں بننے دیا گیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں