شمعون عباسی نے انمول عرف پنکی پر ڈرامہ بنانے کی مخالفت کر دی

کراچی(شوبز نیوز) فلم ساز اور اداکار شمعون عباسی نے کراچی کی مبینہ منشیات فروش انمول عرف پنکی کی زندگی پر مبنی مجوزہ ڈراما سیریل کی مخالفت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایسی کہانی ٹی وی سکرین کے لیے موزوں نہیں۔شمعون عباسی نے فیس بک پر جاری اپنے بیان میں سوال اٹھایا کہ آخر ایسی کہانی کو ڈرامائی تشکیل دینے کی ضرورت کیوں پیش آ رہی ہے، جبکہ خواتین کی جدوجہد، کامیابی اور حوصلہ افزائی پر مبنی کئی مثبت کہانیاں موجود ہیں جنہیں ٹی وی پر پیش کیا جا سکتا ہے۔انہوں نے ان اطلاعات پر بھی ردعمل دیا اور کہا کہ اداکارہ صبا قمر کو اس منصوبے میں مرکزی کردار کے لیے منتخب کیا جا رہا ہے، جبکہ صبا قمر اپنی شاندار اداکاری کے باعث اس کردار کو اس انداز سے نبھا سکتی ہیں کہ ناظرین کردار سے متاثر ہو جائیں۔انہوں نے صبا قمر کے سابقہ ڈرامے کیس نمبر 9 کو ایک بہترین ڈراما قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس نے معاشرے پر مثبت اثرات مرتب کیے اور ہراسانی جیسے حساس مسئلے پر شعور اجاگر کیا۔شمعون عباسی نے سوال کیا کہ جب ایک اداکارہ اتنے مثبت اور موثر کردار ادا کر سکتی ہے تو پھر اسے ایک منفی کردار کو مقبول بنانے کے لیے کیوں استعمال کیا جا رہا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں