فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) گھریلو جھگڑے پر شوہر نے بیوی کو مار ڈالا’ پسٹل صاف کرتے گولی چل جانے سے نوجوان چل بسا’ نہر سے دو شہریوں کی نعشیں برآمد’ پولیس نے نعشوں کو تحویل میں لیکر پوسٹ مارٹم کیلئے ہسپتال منتقل کر دیا۔ تفصیل کے مطابق چک جھمرہ کے علاقہ 144 رب میں گھریلو جھگڑے پر شوہر نے اپنے بھائی اور بہن سے ملکر اہلیہ بشریٰ بی بی کو بری طرح تشدد کا نشانہ بنایا، جسے تشویشناک حالت میں ہسپتال منتقل کیا گیا، جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے زندگی کی بازی ہار گئی۔ جبکہ تھانہ ڈجکوٹ کے علاقہ 87 رب میں 18سالہ نوجوان ثقلین ولد ظفر گھر میں پسٹل صاف کر رہا تھا کہ اچانک گولی چل جانے سے اس کے جسم میں پیوست ہو گئی، فائرنگ کی آواز سن کر اہل خانہ کمرہ میں پہنچے تو وہ خون میں لت پت پڑا تھا، جسے تشویشناک حالت میں ہسپتال لایا گیا جہاں وہ دوران علاج دم توڑ گیا۔ علاوہ ازیں ڈجکوٹ کے علاقہ 265 رب نہر سے 40سالہ شخص اور جڑانوالہ کے علاقہ برالہ نہر سے 80 سالہ شہری کی نعش برآمد’ پولیس نے نعش تحویل میں لیکر شناخت نہ ہونے پر پوسٹ مارٹم کیلئے ہسپتال منتقل کر کے متوفی کے ورثاء کی تلاش شروع کر دی ہے۔




