شہباز شریف اور عاصم منیر کو نوبل انعام مل سکتا ہے’چینی ماہر

بیجنگ (مانیٹرنگ ڈیسک) چین کے سینٹر فار گلوبلائزیشن کے نائب صدر ڈاکٹر وکٹر گا نے پاکستان کے وزیر اعظم شہبازشریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر کے کام کو سراہا ہے۔ڈاکٹر وکٹر گا نے ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اگر پاکستان کے وزیراعظم شہبازشریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر صحیح سمت میں کام کرتے رہے تو امید ہے کہ وہ امن کا نوبل انعام حاصل کریں گے۔ڈاکٹر وکٹر کا کہنا تھا کہ میری خواہش ہے کہ وزیر اعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر اپنی مثبت حکمتِ عملی برقرار رکھیں، تاکہ وہ نوبیل امن انعام حاصل کریں یا مشترکہ طور پر اس اعزاز کے حقدار قرار پائیں۔دوسری جانب پاکستان نے لیبیا کے مشرقی اور مغربی اقتدار کے مراکز کے درمیان اختلافات ختم کرانے کے لیے خاموش سفارتی کوششیں شروع کر دی ہیں۔ برطانوی خبر ایجنسی نے دو پاکستانی ذرائع کے حوالے سے رپورٹ دی ہے کہ اگر یہ کوششیں کامیاب ہوئیں تو پاکستان کا بین الاقوامی سفارتی کردار مزید مضبوط ہو سکتا ہے، پاکستان کی ثالثی کی یہ کوششیں ایسے وقت میں سامنے آئی ہیں جب امریکہ کئی ماہ سے لیبیا کے بحران کا سفارتی حل تلاش کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔ لیبیا 2011 میں معمر قذافی کی حکومت کے خاتمے کے بعد سے مشرقی اور مغربی انتظامیہ میں تقسیم ہے۔ پاکستانی ذرائع کے مطابق اسلام آباد کی ثالثی کا عمل گزشتہ سال کے آخر میں شروع ہوا تھا اور لیبیا کے دونوں متحارب فریقوں نے پاکستان سے کردار ادا کرنے کی درخواست کی تھی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ امریکہ اس سفارتی عمل سے مکمل طور پر آگاہ ہے اور اس میں شامل ہے جبکہ سعودی عرب بھی پاکستان کی کوششوں کی حمایت کر رہا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں