فیصل آباد (سٹاف رپورٹر)حضرت سخی لعل شہباز قلند رسید محمد عثمان مروندی رحمتہ اللہ علیہ کی تعلیمات میں دنیا و آخرت کی کامیابی پوشیدہ ہے۔ اولیاء اللہ کا فیض ہر دور میں اہلِ ایمان کے لیے باعثِ رحمت رہتا ہے۔آپ رحمتہ اللہ علیہ نے ہمیشہ محبت کو اختلاف پر اور برداشت کو شدت پر ترجیح دی۔ اولیائے کرام کا پیغام دلوں کو جوڑنے اور نفرتیں مٹانے کا ذریعہ بنتا ہے۔نئی نسل کو صوفیاء کے اس پیغام سے روشناس کرانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ان خیالات کا اظہار پاکستان سنی تحریک کے ڈویژنل صدر وممبر ضلعی امن کمیٹی پروفیسر پیر میاں محمد آصف رضاقادری نے ” حضرت سخی لعل شہباز قلند رسید محمد عثمان مروندی رحمتہ اللہ علیہ” کے عرس کے سلسلہ خطاب منعقدہ تقریب سے کرتے ہوئے کیا ۔ انہوں نے کہا کہ حضرت سخی لعل شہباز قلند رسید محمد عثمان مروندی رحمتہ اللہ علیہ اپنے عمل سے ثابت کیا کہ دین صرف عبادات کا نام نہیں بلکہ انسانیت سے محبت اور خدمت کا عملی اظہار ہے۔آپ رحمتہ اللہ علیہ کا پیغام ہمیں سکھاتا ہے کہ رنگ، نسل، ذات اور زبان کے فرق مٹا کر اخوت کو فروغ دیا جائے۔ دربارِ قلندر آج بھی امن، رواداری اور روحانی سکون کا مرکز ہے۔ قلندری فکر تعصب، انتہاپسندی اور نفرت کے اندھیروں کے خلاف روشن چراغ ہے۔ آپ رحمتہ اللہ علیہ کی تعلیمات معاشرتی عدل اور انصاف کے قیام کی ضمانت ہے ۔ حکومت کو چاہیے کہ اس صوفیانہ فکر کو عام کریں۔ پاکستان سنی تحریک اسی پیغامِ محبت و اخوت کے فروغ کے لیے سرگرمِ عمل ہے۔تقریب کے اختتام پر وطنِ عزیز کی سلامتی، استحکام اور خوشحالی کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔




