شہریوں کو آٹے کی بلا تعطل فراہمی

کمالیہ(نامہ نگار)ضلع ٹوبہ ٹیک سنگھ میں آٹے کی سپلائی معمول کے مطابق جاری ہے اور شہریوں کو آٹے کی بلا تعطل فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے محکمہ خوراک کی جانب سے موثر مانیٹرنگ کا سلسلہ مسلسل جاری ہے۔ ضلع بھر میں فلور ملز، ڈسٹری بیوشن پوائنٹس اور مارکیٹوں کی باقاعدہ نگرانی کی جا رہی ہے تاکہ آٹے کی بروقت دستیابی اور مقررہ نرخوں پر فراہمی کو یقینی بنایا جا سکے ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولر ٹوبہ ٹیک سنگھ، حافظ امجد منیر نے کہا کہ محکمہ خوراک کی ٹیمیں روزانہ کی بنیاد پر مارکیٹ کی صورتحال کا جائزہ لے رہی ہیں اور آٹے کی سپلائی چین کو مسلسل مانیٹر کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ضلع میں آٹے کی کوئی قلت نہیں اور عوام کو وافر مقدار میں آٹا دستیاب ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ محکمہ خوراک اس امر کو یقینی بنا رہا ہے کہ آٹا مقررہ نرخوں پر عوام تک پہنچے اور کسی بھی مقام پر مصنوعی قلت یا ناجائز منافع خوری کی شکایات پیدا نہ ہوں۔ اس مقصد کے لیے فیلڈ اسٹاف روزانہ مارکیٹوں اور فلور ملز کا معائنہ کر رہا ہے جبکہ صورتحال پر مسلسل نظر رکھی جا رہی ہے۔حافظ امجد منیر نے واضح کیا کہ شہری بلا جھجھک اپنی ضرورت کے مطابق آٹا خریدیں کیونکہ ضلع میں آٹے کی سپلائی مکمل طور پر معمول کے مطابق ہے۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ خوراک عوام کو معیاری آٹے کی مسلسل فراہمی کے لیے ہر ممکن اقدامات کر رہا ہے اور مستقبل میں بھی یہ سلسلہ اسی طرح جاری رہے گا۔ضلعی انتظامیہ اور محکمہ خوراک نے عوام سے اپیل کی ہے کہ اگر کہیں آٹے کی مصنوعی قلت، زائد نرخوں یا دیگر بے ضابطگیوں کی شکایت سامنے آئے تو فوری طور پر متعلقہ حکام کو اطلاع دیں تاکہ بروقت کارروائی عمل میں لائی جا سکے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں