کمالیہ(نامہ نگار)شہر میں جاری ترقیاتی منصوبوں کے تحت جن علاقوں میں سیوریج کا کام مکمل ہو چکا ہے ، وہاں مقررہ کمپیکشن مدت پوری ہونے کے بعد مرحلہ وار بنیادوں پر ٹف ٹائلز بچھانے کا عمل تیزی سے جاری ہے ۔ اس اقدام کا مقصد شہریوں کو بہتر سفری سہولیات فراہم کرنا اور سڑکوں کی پائیداری کو یقینی بنانا ہے ۔ اس سلسلے میں اسسٹنٹ کمشنر ارم شہزادی نے چیف آفیسر علی رضا، میونسپل آفیسر انفراسٹرکچر عمر نواز خان اور سب انجینئر احسان یوسف کے ہمراہ شہر کے مختلف علاقوں کا دورہ کیا۔ انہوں نے جاری ترقیاتی کاموں کا تفصیلی جائزہ لیا اور سیوریج منصوبوں کے بعد ٹف ٹائلز کی تنصیب، نکاسی آب کے نظام اور سڑکوں کی بحالی کے معیار کو چیک کیا۔دورے کے دوران متعلقہ افسران کو ہدایت جاری کی گئی کہ تمام ترقیاتی کام مقررہ معیار کے مطابق اور بروقت مکمل کیے جائیں۔ اسسٹنٹ کمشنر نے واضح کیا کہ کام میں کسی قسم کی غفلت یا تاخیر برداشت نہیں کی جائے گی اور شہریوں کو بہترین سہولیات کی فراہمی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے ۔انہوں نے مزید کہا کہ حکومت پنجاب کی ہدایات کے مطابق شہر میں انفراسٹرکچر کی بہتری اور شہری سہولیات کی فراہمی کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں تاکہ عوام کو دیرپا اور معیاری ترقیاتی ثمرات فراہم کیے جا سکیں۔




