شہریوں کو معیاری خدمات کی فراہمی ہر صورت یقینی بنائی جائے،ڈپٹی کمشنر

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) ڈپٹی کمشنر محمد نعمان صدیق نے تحصیل سمندری کا تفصیلی دورہ کرتے ہوئے مختلف جاری ترقیاتی منصوبوں اور عوامی سہولیات کا معائنہ کیا۔ اسسٹنٹ کمشنر سمندری قمر محمود منج اور دیگر متعلقہ افسران بھی ہمراہ تھے۔ڈپٹی کمشنر نے شہباز شریف پارک، اراضی ریکارڈ سنٹر، تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال، واکنگ ٹریک، زیر تعمیرٹراما سنٹر،پیرا فورس آفس ، سہولت بازارودیگر سکیموں کاتفصیلی جائزہ لیا۔ اسسٹنٹ کمشنر سمندری نے جاری ترقیاتی منصوبو ں اور انتظامی امور کے حوالے سے بریفنگ دی۔ ڈپٹی کمشنر محمد نعمان صدیق نے ہدایت کی کہ تمام ترقیاتی منصوبے مقررہ مدت کے اندر اعلی معیار کے ساتھ مکمل کئے جائیں جبکہ سرکاری اداروں میں شہریوں کو بروقت، شفاف اور معیاری خدمات کی فراہمی ہر صورت یقینی بنائی جائے۔انہوں نے تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال میں مریضوں کو بہترین طبی سہولیات کی فراہمی، شہبازشریف پارک اور واکنگ ٹریک پر شہریوں کے لئے معیاری تفریحی ماحول کی دستیابی جبکہ زیرِ تعمیر منصوبوں پر کام کی رفتار مزید تیز کرنے کی بھی ہدایت کی۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے مطابق عوامی فلاح، معیاری سہولیات کی فراہمی اور ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے۔انہوں نے واضح کیا کہ ترقیاتی منصوبوں میں کسی قسم کی غفلت، ناقص معیار یا غیرضروری تاخیر ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں