فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے محمد آصف چوہدری نے کہا ہے کہ شہریوں کے مسائل تیز رفتاری سے حل کرنے کیلئے جدید اصلاحات پر عمل پیرا ہیں اس سلسلے میں تمام شعبوں میں ڈیجیٹل ٹیکنالوجی کا اطلاق کیا گیا ہے.وہ اوپن ڈور پالیسی کے تحت اپنے دفتر میں شہریوں کے مسائل سن رہے تھے۔ انہوں نے شہریوں سے درخواستیں وصول کیں اور ان کے مسائل حل کرنے کے لئے متعلقہ افسران کو احکامات جاری کئے۔ شہریوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ایف ڈی اے کی سروسز کے معیار میں اضافہ کیلئے جدید ٹیکنالوجی کو بروئے کار لا رہے ہیں جس کی بدولت کم سے کم وقت میں درخواستوں پر کارروائی کویقینی بنایا جا رہا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ جائیدادوں کے اونر شپ کلیئرنس سرٹیفکیٹس، ٹی پی رپورٹس، قبضہ سلپ اور دیگر این او سی کے اجرا کے حوالے سے آن لائن سروسز فراہم کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ غیرقانونی ہائوسنگ سکیموں کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی اختیار کی گئی ہے جبکہ حکومت پنجاب کی حالیہ ہائوسنگ ریفارمز کے تحت ہائوسنگ سکیموں کی منظوری کے امور کو ڈیجیٹل مینجمنٹ سسٹم کے ذریعے نپٹائے جا رہے ہیں جس کے ذریعے تیز رفتار سروس اور مزید شفافیت ممکن ہوئی ہے۔ انہوں نے بعض شکایات پر ناجائز قابضین اور تجاوزات کے خلاف فوری کارروائی کے احکامات جاری کئے جبکہ جائیدادوں کے وراثتی انتقالات اور عدالتی ڈگریوں کے تعمیل کے حوالے محکمانہ کارروائی میں تیزی لانے کے لئے متعلقہ شعبوں کو احکامات جاری کئے۔ انہوں نے یقین دلایا کہ محکمانہ فرائض ادائیگی میں تاخیر یا غفلت کے مرتکب سٹاف کا سخت محاسبہ ہوگا اس سلسلے میں مانیٹرنگ سسٹم کو فعال رکھا گیا ہے۔




