شہری حدود میں جانور رکھنے والوں کیخلاف کل سے کریک ڈاؤن کا اعلان

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن’ کمشنر فیصل آباد مریم خان’ ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) ندیم ناصر کی ہدایت پر ڈپٹی چیف آفیسر میونسپل کارپوریشن فیصل آباد عظمت فردوس نے میونسپل کارپوریشن کی حدود سے جانوروں کو باہر نکالنے کے احکامات جاری کر دیئے۔ کل 28جولائی سے شہری حدود میں مویشی رکھنے والوں کیخلاف کریک ڈائون کیا جائے گا۔ ڈپٹی چیف آفیسر عظمت فردوس کی ہدایت پر شہر بھر کی مساجد میں اعلانات کروائے جا رہے ہیں کہ وہ شہری جنہوں نے میونسپل کارپوریشن (شہری حدود) میں مال مویشی’ بھینس’ گائے’ بکریاں وغیرہ پال رکھی ہیں۔ ان کو فوری طور پر شہری حدود سے باہر لے جائیں کیونکہ شہر میں مویشیوں کے گوبر’ فضلہ وغیرہ سے سیوریج کے بند ہونے سے مسائل پیدا ہو رہے ہیں اور سیوریج کے نظام کو ناقابل تلافی نقصان پہنچ رہا ہے۔ کل 28جولائی سے مویشی شہری حدود سے باہر نہ نکالنے والوں کیخلاف بھرپور کارروائی کرتے ہوئے مال مویشی کو قبضہ میں لیکر سرکاری کانجی ہائوس (پھاٹک) میں بند کر دیا جائے گا اور خلاف ورزی کرنے والوں کو مقدمات کا سامنا بھی کرنا پڑے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں