شہری کو محبوس بنا کر بھتہ وصول ،زہردینے سے لاکھوں کے جانور ہلاک

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) شہری کو محبوس بنا کر بھتہ وصول کیا’ زہر دینے سے شہری کے لاکھوں کے جانور ہلاک’ قاتلانہ حملوں میں تین افراد لہولہان’ ملاوٹی دودھ فروخت کرتا دکاندار گرفتار’ مشتعل افراد نے زمیندار کی گندم کی فصل کو آگ لگا دی’6شہریوں کیساتھ پونے چار کروڑ کا فراڈ’ پولیس نے کارروائی عمل میں لاتے ہوئے مقدمات درج کر کے ملزمان کی تلاش شروع کر دی۔ تفصیل کے مطابق سمن آباد کے رہائشی ذیشان نے بتایا کہ بااثر ملزمان فیض رسول وغیرہ نے اسکو پکڑ کر ڈیرے پر لے جا کر بہیمانہ تشدد کا نشانہ بناتے ہوئے 40ہزار بھتہ وصول کر کے جان بخشی کی۔ غلام محمد آباد کے علاقہ محلہ عثمان غنی کے سعید احمد نے بتایا کہ نامعلوم ملزمان نے زہر دیکر اس کے 4لاکھ مالیت کے جانوروں کو مار ڈالا’ تھانہ مریدوالہ کے علاقہ 200 گ ب میں پرانی دشمنی پر مسلح افراد نے فائرنگ کر کے مخالف قاسم کو بری طرح زخمی کر دیا۔ ملک پور میں معمولی تلخ کلامی پر مشتعل ملزمان کی فائرنگ سے خلیل بری طرح زخمی ہو گیا، چک جھمرہ کے علاقہ 191 رب میں عداوت کی بناء پر ملزمان رفاقت وغیرہ نے الطاف حسین کو گولیاں مار کر لہولہان کر دیا، جنہیں طبی امداد کی غرض سے ہسپتال داخل کروایا گیا۔ پنجاب فوڈ اتھارٹی کی ٹیم نے لائلپور ٹائون میں کامیاب چھاپہ مار کر ملاوٹی دودھ فروخت کرنے والے سرفراز کو گرفتار کر کے ملاوٹی دودھ قبضہ میں لیکر تلف کر دیا۔ تاندلیانوالہ کے علاقہ 396 گ ب کے زمیندار ہمیش محتشم کا کہنا ہے کہ نامعلوم ملزمان نے گندم کی کھڑی فصل کو آگ لگا دی، لاکھوں کی گندم جل کر راکھ بن گئی۔ علاوہ ازیں پیپلزکالونی کے فہد انعام نے بتایا کہ اس نے ملزمان رومان طارق کو ایک کروڑ 10لاکھ میں پلاٹ فروخت کیا بدلے میں اس نے چیک دیا جو کہ بوگس نکلا۔ مانانوالہ کے یعقوب نے پولیس رپورٹ میں بتایا کہ اس کے واقف کار ملزم اسلم نے مکان خریدنے کیلئے ایک کروڑ 20لاکھ کی رقم دی، اس نے مکان لیکر دیا نہ ہی رقم واپس کی۔ کھرڑیانوالہ کے علاقہ 266 رب کے زبیر سے ملزم جہانزیب نے ساڑھے 41 لاکھ کی رقم لیکر رفوچکر ہو گیا۔ غلام محمد آباد کے عامر اقبال سے ملزم شہزاد نے 25لاکھ’ منصورآباد کے علاقہ فاروق آباد کے عابد حسین کو سوسائٹی میں پلاٹ دینے کا جھانسہ دیکر ملزم انیس وغیرہ نے ساڑھے تیرہ لاکھ کی رقم لیکر ہڑپ کر لی’ رقوم کا مطالبہ کرنے پر چیک دیئے جو کہ بوگس نکلے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں