صبح سویرے تیز بارش،چھت گرنے سے ماں بیٹی شدید زخمی

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) آج صبح ہونے والی تیز موسلادھار بارش نے جل تھل کر دیا’ نشیبی علاقے پانی میں ڈوب گئے، فیسکو کے درجنوں فیڈر ٹرپ کرنے سے متعدد علاقوں کی بجلی بند’ ایم ڈی واسا ثاقب رضا کے بارش کے دوران مختلف علاقوں کے دورے’ تمام ڈسپوزل اسٹیشن فل کیپسٹی سے چلانے کا حکم’ فیلڈ سٹاف کو تمام پونڈنگ پوائنٹس پر ڈی واٹرنگ سیٹیں اور دیگر مشینری کو آپریشنل کروا دیا۔ تفصیل کے مطابق سب سے زیادہ بارش غلام محمد میں 56 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی جبکہ گلستان کالونی میں 42′ جیل روڈ پر 43′ مدینہ ٹائون میں 39′ علامہ اقبال کالونی میں 43 اور ڈوگر بستی میں 36ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ تیز رفتار بارش کے باعث فیصل آباد میں جل تھل ہو گیا۔ تاہم گرمی کا زور ٹوٹ گیا اور گرمی سے نڈھال چہرے کھل اُٹھے’ فیصل آباد میں موسلادھار بارش کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری’ مین شاہراہوں’ چوراہوں اور نشیبی علاقوں میں بارشی پانی جمع ہونے سے شہریوں کو آمدورفت میں شدید مشکلات کا سامنا رہا۔ بارش کے باعث فیسکو کے کئی فیڈر ٹرپ ہونے سے متعدد علاقوں کی بجلی بند ہو گئی۔ تاہم ایم ڈی واسا ثاقب رضا بارش ہوتے ہی فیلڈ میں نکل پڑے۔ ڈسپوزل اسٹیشنز کو فل کیپسٹی سے چلانے اور مشینری کو فعال کرنے کے احکامات جای کرتے ہوئے فیلڈ سٹاف کو متحرک رہنے اور پونڈنگ پوائنٹس سے بارشی پانی کے انخلاء تک فیلڈ میں رہنے کا حکم۔ انہوں نے کہا کہ فرائض میں کوتاہی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔ وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری ہے۔دریں ثناء ۔فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) شدید بارش کے دوران خستہ حال حویلی کی کچی چھت گرنے سے ملبے تلے دب کر ماں بیٹی بری طرح زخمی ہو گئیں، ریسکیو1122 کی ٹیموں نے موقع پر پہنچ کر مذکورہ ماں بیٹی کو ملبہ سے نکال کر طبی امداد فراہم کرتے ہوئے ہسپتال منتقل کر دیا تفصیل کے مطابق آج صبح ہونے والی تیز وموسلادھار بارش کے دوران چک جھمرہ کے علاقہ 160 رب میں محنت کش اعظم علی کی خستہ حال حویلی کی کچی چھت زمین بوس ہو گئی تو کمرہ میں بیٹھی 47سالہ نازیہ بی بی اور اسکی 7سالہ بیٹی مریم ملبے تلے دب گئیں۔ اطلاع ملتے ہی ریسکیو1122 کی ٹیم نے موقع پر پہنچ کر ماں بیٹی کو ملبہ سے نکال کر طبی امداد فراہم کرتے ہوئے ہسپتال پہنچا دیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں