صدر زرعی ترقیاتی بینک کی چیئرمین سینیٹ سے ملاقات

سلام آباد (بیوروچیف)چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی سے زرعی ترقیاتی بینک لمیٹڈ کے صدر طاہر یعقوب بھٹی نے پارلیمنٹ ہاؤس میں ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران ملک کے زرعی شعبے کی مجموعی صورتحال، کسانوں کو درپیش چیلنجز اور زرعی ترقی کے فروغ کے لئے جاری اقدامات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔صدر زرعی ترقیاتی بینک لمیٹڈ نے چیئرمین سینیٹ کو بینک کی جانب سے کسانوں اور زمینداروں کے لئے متعارف کرائے گئے قرضہ جات پروگراموں پر بریفنگ دی۔ انہوں نے بتایا کہ بینک آسان شرائط پر مالی سہولیات اور مختلف ریلیف پیکجز فراہم کر رہا ہے تاکہ زرعی پیداوار میں اضافہ کیا جا سکے۔ انہوں نے آگاہ کیا کہ جدید تقاضوں کے مطابق بیج، کھاد، زرعی مشینری اور دیگر ضروری زرعی اخراجات کے لئے کسانوں کو بروقت مالی معاونت فراہم کی جا رہی ہے جس کا مقصد زرعی شعبے کو مستحکم بنانا ہے۔انہوں نے چھوٹے کاشتکاروں اور درمیانے درجے کے زمینداروں کے لئے متعارف کرائی گئی خصوصی سکیموں سے بھی آگاہ کیا۔ ان سکیموں کے تحت آسان اقساط، کم شرح منافع اور شفاف طریقہ کار کے ذریعے قرضوں کی فراہمی یقینی بنائی جا رہی ہے تاکہ زیادہ سے زیادہ کسان مستفید ہو سکیں۔ ان اقدامات سے نہ صرف کسانوں کو براہِ راست فائدہ پہنچے گا بلکہ قومی معیشت میں زراعت کے کردار کو مزید تقویت ملے گی۔چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے زرعی ترقیاتی بینک لمیٹڈ کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ زراعت پاکستان کی معیشت کی ریڑھ کی ہڈی ہے اور کسانوں کو ریلیف فراہم کرنا قومی ترجیح ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پارلیمنٹ کسان دوست پالیسیوں اور زرعی شعبے کی ترقی کے لئے ہر ممکن تعاون جاری رکھے گی۔انہوں نے مزید کہا کہ زرعی ترقیاتی بینک لمیٹڈ ملک میں زرعی خوشحالی، دیہی ترقی اور غذائی تحفظ کے فروغ میں کلیدی کردار ادا کر رہا ہے، کسانوں کو مالی طور پر بااختیار بنا کر یہ ادارہ قومی ترقی میں نمایاں حصہ ڈال رہا ہے۔چیئرمین سینیٹ نے اس بات پر زور دیا کہ غریب اور مستحق کسانوں کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کیا جائے تاکہ ان کی مالی مشکلات میں مؤثر کمی لائی جا سکے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ قرضوں کی فراہمی کا عمل مزید آسان، شفاف اور عام کسان کی دسترس میں بنایا جائے تاکہ زرعی ترقی اور دیہی خوشحالی کے اہداف مؤثر انداز میں حاصل کئے جا سکیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں