فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) ایس ایچ او تھانہ منصورآباد توقیر اختر گجر نے اپنی ٹیم کے ہمراہ چھاپے مار کر شہری کے گھر سے 85لاکھ کے زیورات چرانے والی گھریلو ملازمہ کو گرفتار کر کے مال برآمد کر لیا۔ تفصیل کے مطابق چند روز قبل گھر میں خاتون صفائی کرنے کے بہانے عبداﷲ پور کے رہائشی کے گھر آئی، اسکی اہلیہ نے خاتون کو صفائی کیلئے رکھ لیا۔ اہل خانہ کسی ضروری کام کی غرض سے گھر سے باہر گئے ہوئے تھے کہ ان کی عدم موجودگی میں گھریلو ملازمہ سیف الماری سے 85لاکھ سے زائد مالیت کے 16تولے طلائی زیورات لے کر فرار ہو گئی۔ اہل خانہ گھر آئے تو سامان بکھرا پڑا تھا اور زیورات غائب تھے۔ جس پر ایس ایچ او تھانہ منصورآباد توقیر اختر گجر نے اپنی ٹیم کے ہمراہ ٹیکنیکل وسائل کو بروئے کار لاتے ہوئے مختلف مقامات پر چھاپے مار کر ملزمہ مقدس بی بی کو گرفتار کر لیا اور بازپرس کرنے پر اس نے اپنے گھر کراڑ والا سے مال مسروقہ برآمد کروا دیا۔ سی پی او تنویر حسین کی ایس ایچ او اور ان کی ٹیم کو شاباش دیتے ہوئے شہریوں سے کہا ہے کہ وہ جرائم سے بچنے کیلئے گھریلو ملازمین رکھتے ہوئے ان کی پولیس تصدیق ضرور کروائیں، شہریوں کے جان ومال کا تحفظ پولیس کی اولین ترجیح ہے۔




