لاہور (بیوروچیف) صوبہ بھر میں صنعتی آلودگی کے تدارک کیلئے اہم قدم اٹھاتے ہوئے محکمہ ماحولیات پنجاب نے تمام صنعتی علاقوں کے گرد ماحولیاتی بفر زونز قائم کرنے کا حکم جاری کر دیا ہے۔ڈی جی ای پی اے ڈاکٹر عمران حامد شیخ کی جانب سے جاری باضابطہ احکامات کے تحت صنعتی اسٹیٹس اور زونز کے اطراف گرین بفر زونز بنانا لازمی قرار دیا گیا ہے تاکہ فیکٹریوں سے خارج ہونے والے دھوئیں اور مضر گیسوں کے اثرات کو کم کیا جا سکے۔یہ اقدام ماحولیاتی تحفظ ایکٹ 1997کے تحت کیا گیا ہے، جس کا مقصد صنعتی آلودگی پر قابو پا کر عوامی صحت کا تحفظ یقینی بنانا ہے۔محکمہ ماحولیات کے مطابق صنعتی آلودگی انسانی صحت کیلئے سنگین خطرہ بن چکی ہے، اسی لیے ماحولیاتی قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔حکام نے واضح کیا ہے کہ انڈسٹریل ایریاز میں شجرکاری نہ کرنے والے اداروں کے خلاف ایکشن لیا جائے گا، جبکہ بغیر اجازت درخت کاٹنے پر مکمل پابندی عائد کر دی گئی ہے۔گرین بیلٹس پر قبضہ یا نقصان پہنچانے والے عناصر کے خلاف بھی کارروائی کی جائے گی، جبکہ شجرکاری اہداف پورے نہ کرنے والے اداروں کو جوابدہ ٹھہرایا جائے گا۔ای پی اے نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی ہے کہ فیلڈ میں جا کر احکامات پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنایا جائے، جبکہ صنعتی علاقوں کی موثر نگرانی کیلئے جی آئی ایس ڈیپارٹمنٹ کو نقشہ سازی کی ذمہ داری سونپ دی گئی ہے۔حکام کے مطابق اس اقدام سے نہ صرف ماحولیاتی بہتری آئے گی بلکہ صنعتی ترقی اور عوامی صحت کے درمیان توازن بھی قائم کیا جا سکے گا۔




