صوبہ پنجاب ”ون سٹاپ ایگریکلچر ان پٹ مارکیٹ” کے دور میں داخل ہو گیا (اداریہ)

صوبہ پنجاب کے بجٹ میں ترقیاتی کاموں کیلئے 6ہزار ارب روپے رکھے گئے ہیں یہ اس بات کا منہ بولتا ثبوت ہے کہ صوبہ پنجاب میں اب تعمیر وترقی کا نیا دور شروع ہو گا، پنجاب ملک کو سب سے زیادہ ریونیو کی مد میں دینے والا صوبہ ہے۔ صوبائی حکومت نے صوبہ کو جدید طرز کی سہولیات سے مزین کرنے کا تہیہ بھی کر رکھا ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے کسان دوست وژن کے تحت پنجاب میں پہلی مرتبہ کاشت کاروں کو اپنی ضروریات کی تمام سہولتیں گائوں کے قریب ایک ہی چھت تلے فراہم کی جا رہی ہیں۔ صوبہ پنجاب ”ون سٹاپ ایگریکلچر ان پٹ مارکیٹ” کے دور میں داخل ہو چکا ہے۔ ملتان’ بہاولپور’ ساہیوال اور سرگودھا میں ماڈل ایگریکلچر مالز مکمل طورپر فعال بھی ہو چکے ہیں جبکہ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے پنجاب کے تمام اضلاع میں ماڈل ایگریکلچر مالز قائم کرنے کا اعلان کرتے ہوئے مزید 10 اضلاع میں ماڈل ایگریکلچر مالز کے قیام کیلئے فوری اقدامات کی ہدایت بھی جاری کر دی۔ ماڈل ایگریکلچر مالز میں کاشت کاروں کو زرعی مداخل’ معیاری’ بیج’ کھاد’ زرعی ادویات’ ماہرین زراعت سے مشاورت اور دیگر ضروری سہولتیں ایک ہی جگہ دستیاب ہونگی۔ اس کے علاوہ جدید زرعی مشینری اور آلات بھی کرائے پر حاصل کئے جا سکیں گے۔ ایگریکلچر مالز کا انتظام جی سی آئی نجی شعبے کے اشتراک سے کر رہا ہے۔ آئندہ مرحلے میں فیصل آباد’ جھنگ’ اوکاڑہ’ خانیوال’ راجن پور’ وہاڑی’ رحیم یار خان’ اٹک اور میانوالی میں بھی ماڈل ایگریکلچر مالز قائم کئے جائیں گے۔ پنجاب کے کاشتکاروں کی سہولت اور خوشحالی کے لیے ہر ممکن اقدام کیا جا رہا ہے۔ کسانوں کی زندگی میں بہتری لانا حکومت کی اولین ترجیح ہے اور مرحلہ وار پنجاب کے تمام اضلاع میں ماڈل ایگریکلچر مالز قائم کئے جائیں گے۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے صوبہ پنجاب کو جدید قسم کا صوبہ بنانے کا تہیہ کر رکھا ہے۔ آئے دن اسی صوبہ کیلئے سہولیات کا اعلان بھی کر رہی ہیں، کاشتکار اور چھوٹا کسان جو کہ عرصہ دراز سے مہنگائی کی چکی میں پس رہا تھا مریم نواز شریف نے چھوٹے کاشتکاروں اور کسانوں کو جدید قسم کی سہولیات پہنچا کر ان غریب ہاریوں کا سر فخر سے بلند کر دیا ہے۔ کسانوں کو کاشت کاری کے شعبہ میں جدید قسم کے آلات کی فراہمی کا سہرا بھی پنجاب حکومت کو ہی جاتا ہے۔ کاشتکاروں اور کسانوں کو زرعی اجناس کی پیداوار کیلئے فرسودہ طریقے کی وجہ سے اس کی خام پیداوار ضیاع ہونے کا خدشہ بھی تھا لیکن اب وزیراعلیٰ پنجاب کے جدید طریقہ آبپاشی کی بدولت اور نہروں کے جدید نظام کی بدولت زرعی اجناس میں اضافے بھی متوقع ہے اور نہروں کے پشتے بھی تعمیر کئے جا چکے ہیں جو کہ ایک احسن اقدام ہے۔ یقینی طور پر اس سے ملک میں سبز انقلاب کی راہیں ہموار ہو گی اور تعمیر وترقی کے نئے دور کا آغاز ہونا عوام کے لیے آسانیوں کا ذریعہ بنے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں